تہران (اے ایف پی) شام کے صدر بشارالاسد نے اپنے دورہ تہران کے موقع پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق بشارالاسد سپریم لیڈر اور اپنے ایرانی ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے بعد دمشق روانہ ہوچکے ہیں۔ ایران شامی صدر کا بڑا اتحادی ہے جنہیں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری خانہ جنگی میں روس کی حمایت بھی حاصل ہے۔ اس موقع پر خامنہ ای کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ تہران اور دمشق کے تعلقات دونوں ممالک کے لئے اہم ہیں اور ہمیں اسے کمزور نہیں ہونے دینا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تعلقات کو جتنا ممکن ہو مضبوط کرنا چاہئے۔ ایرانی سپریم لیڈر نے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والے عرب ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ پڑوسی ممالک کے رہنما صیہونی ریاست کیساتھ مل کر بیٹھ گئے ہیں اور ان کیساتھ مل کر کافی پیتے ہیں تاہم ان ممالک کے عوام یوم القدس پر سڑکوں پر نکلتے اور صیہونیت کیخلاف نعرے لگاتے ہیں۔