لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ کے ایوارڈ یافتہ فلم ساز جیمز کیمرون کی 2009 میں ریلیز ہونے والی شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کے سیکوئل کا پہلا ٹیزر طویل تاخیر کے بعد جاری کرتے ہوئے فلم کو رواں برس دسمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔’اوتار: دی وے آف واٹر‘ کا مختصر دورانیے کا ٹیزر 9 مئی کو جاری کیا گیا، جس میں فلم کے مرکزی کرداروں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ٹیزر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ اس بار پہلی فلم کے کردار اپنے خاندان کو بچانے کی جدوجہد کرتے دکھائی دیں گے۔مختصر ٹیزر میں فلم کے کرداروں کو زیر آب زندگی گزارتے اور سمندری حیات پر سواری کرتے دکھایا گیا ہے۔فلم میں فنٹیسی دنیا اور جنگلات سمیت سمندروں کی ایک ایسی دنیا کی جھلک دکھائی گئی ہے، جس کا سحر شائقین کو جکڑ لیتا ہے۔مختصر ٹیزر میں تصدیق کی گئی ہے کہ ’اوتار: دی وے آف واٹر‘ کو رواں برس دسمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔سیریز کی دوسری فلم میں پہلی فلم کے تمام کرداروں کے علاوہ مزید نئے کردار بھی شامل کیے گئے ہیں اور نئی فلم میں کیٹ ونسلیٹ بھی دکھائی دیں گی۔نئی فلم میں سام ورتھنگٹن، زوئی سلڈانا، گیووانی ریبیس اور سیگورنی ویور اپنے پہلے کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔مذکورہ فلم کو پہلے 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا کی وبا آنے کے بعد اس کی ریلیز موخر کردی گئی تھی۔مذکورہ فلم کی شوٹنگ کئی سال تک یورپ، افریقہ اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں جاری رہی اور اس میں بھی جیمز کیمرون نے پہلی فلم کی طرح جدید اور انوکھی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔سیریز کی دوسری فلم کے بعد سیریز کی تیسری فلم بھی چند سال بعد ریلیز کی جائے گی۔