• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب لو میرج کرنیوالے شخص نے شادی کی پیشکش کی تو دنگ رہ گئی، صبا قمر

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ انہیں جب محبت کی شادی کرنے والے شخص نے شادی کی پیش کش کی تو وہ دنگ رہ گئیں، کیوں کہ ان کا خیال تھا کہ جو لوگ پسند کی شادی کرتے ہیں، وہ دوسرے لوگوں کی جانب دیکھتے بھی نہیں ہوں گے۔

صبا قمر نے ایک میگزین کو انٹرویو میں محبت، شادی اور کیریئر پر کھل کر بات کی اور کہا کہ محبت غیر مشروط ہوتی ہے اور وہ لوگ بے وقوف ہوتے ہیں جو پیار کے بدلے پیار چاہتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیریئر کے شروع سے ہی ایسے کردار ادا کیے کہ انہیں کبھی اسکرپٹ کو مسترد کرنے کا موقع نہیں ملتا اور انہیں ایسے ہی منصوبوں کی پیش کش کی جاتی ہے، جنہیں وہ ہمیشہ سے ہی کرتی آئی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ آج کل بہت خوش ہیں اور پرسکون زندگی گزار رہی ہیں اور ممکنہ طور پر رواں سال کے آخر تک وہ اپنے تعلقات اور شادی کے منصوبے سے متعلق مداحوں کو مزید معلومات بھی دیں۔

صبا قمر کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں محبت ہوتی ہی غیر مشروط ہے اور اگر جس محبت میں پیار کے بدلے پیار جیسی شرائط ہوجائیں وہ عشق نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس زندگی کی ضرورت کی تمام چیزیں موجود ہوں، ان کے لیے بڑی بڑی چیزیں اہمیت نہیں رکھتیں، اس لیے ایسے لوگوں کے لیے بعض اوقات انتہائی چھوٹی چیزیں اہم بن جاتی ہیں، جیسے کسی کو پھول دینا یا کسی کی پسند کی چائے بنا کر دینا۔ صبا قمر نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ اس وقت حیران رہ گئی تھیں جب انہیں پسند کی شادی کرنے والے ایک مرد نے شادی کے کچھ عرصے بعد ہی پیش کش کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا خیال تھا کہ جو لوگ محبت کی شادی کرتے ہیں، وہ بہت خوش زندگی گزارتے ہیں اور وہ کبھی کسی کی جانب دیکھتے بھی نہیں ہوں گے، تاہم ایسا نہیں۔اگرچہ اداکارہ نے بتایاکہ انہیں پسند کی شادی کرنے والے مرد نے شادی کی پیش کش کی تھی، تاہم انہوں نے اس شخص کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی انہوں نے یہ واضح کیا کہ انہوں نے ان کی پیش کش کو قبول کیا یا نہیں؟

دل لگی سے مزید