• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن شاپنگ کرنے والے عموماً فضول خرچی کرتے ہیں، تحقیق

واشنگٹن کی یونیورسٹی آف پیوگٹ ساؤنڈ نے اپنی نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ مختلف ادائیگیوں کے لیے آن لائن سروسز استعمال کرنے والے زیادہ تر افراد عموماً فضول خرچی کرتے ہیں۔

آن لائن خریداری کے لیے ہم میں سے زیادہ تر افراد اب موبائل فون استعمال کرتے ہیں، تاہم اس حوالے سے ایک اندازہ لگایا گیا ہے کہ لوگ اس خریداری کے لیے ضرورت سے زیادہ پیسہ خرچ کرنے لگے ہیں۔

تحقیق کے مطابق موبائل پیمنٹ میں کیونکہ صارفین اپنے ہاتھ سے پیسے نہیں خرچ کر رہے ہوتے اس وجہ سے غیرمحسوس طریقے سے ہونے والی اس ادائیگی میں صارفین زیادہ رقم خرچ کردیتے ہیں۔

پوری دنیا میں موبائل پیمنٹ سسٹمز بشمول ایپل پے، گوگل پے اور سام سنگ پے بہت مقبول ہیں۔ سنہ 2020 میں ان تینوں سروسز کے ذریعے کی گئی آن لائن خریداری کی 32 فیصد ادائیگیاں موبائل والٹس سے کی گئی تھیں۔

تحقیق میں محققین نے یہ سمجھنے کی کوشش کی کہ یہ ٹیکنالوجیز کس طرح صارفین کے خرچ کرنے کی عادات پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

ریسرچ میں 21 ہزار 457 امریکیوں کو شامل کیا گیا تھا جس میں ان کے خرچہ کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ 37 فیصد افراد نے موبائل پیمنٹ سے ادائیگی کی، باقی 63 فیصد نے بتایا کہ انہوں نے موبائل پیمنٹ استعمال نہیں کی۔

ریسرچ کے مطابق جن افراد نے موبائل پیمنٹ کا طریقہ کار استعمال کیا وہ اپنی سالانہ آمدنی سے 34 فیصد زائد فضول خرچی کرتے ہیں، انہیں بل کی ادائیگی اور دیگر اخراجات میں بھی آن لائن پیمنٹس نہ کرنے والوں کی نسبت 31 فیصد زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مجموعی طور پر موبائل پیمنٹ کے ذریعے صارفین فضول خرچی تو کرتے ہی ہیں، انہیں رقم سنبھالنے میں بھی مشکلات درپیش ہوتی ہیں جبکہ ان کا کریڈٹ کارڈ بھی خسارے میں رہتا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید