• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا انقلاب کیوں ناکام ہوا؟ مریم نواز نے وجوہات بتادیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے انقلاب کی ناکامی کی وجوہات بتادیں۔

مانسہرہ میں ن لیگی جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے عمران خان پر سیاسی وار کیے اور کہا کہ کہتا تھا ڈٹ کے کھڑا ہے کپتان، اصل میں اُس وقت پاؤں پڑا تھا کپتان۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا نے عمران خان کا لانگ مارچ ’ایبسولیوٹلی ناٹ‘ کہہ کر مسترد کردیا ہے۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ دھرنے کا وقت آیا تو عمران خان صبح صبح اسلام آباد سے فرار ہوگئے، سابق وزیراعظم گرفتاری کے ڈر سے بنی گالہ کے بجائے پشاور میں بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا انقلاب اس لیے ناکام ہوا کہ وہ ہیلی کاپٹر سے نہیں آتا، پیرا شوٹ سے لینڈ نہیں کرتا، انقلاب یوٹرن لے کر بنی گالہ نہیں پہنچتا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ملک کو آگ لگانے کے لیے خیبر پختون خوا کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا گیا، آزاد کشمیر اور کے پی حکومت کی سرکاری گاڑیاں استعمال ہوئیں، وہاں سے کرینز لائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے میں عوام نہیں آئے تو کرینیں واپس چلی گئیں، دھرنے کا وقت آیا تو عمران خان صبح ہی اسلام آباد سے فرار ہوگیا۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ جتنے لانگ مارچ کرنے ہیں کرلو، حکومت ختم نہیں ہوگی، عمران خان کی نااہلی سے پاکستان کے سینے پر زخم لگا ہے، اس کا پورا بیانیہ ہی دو نمبر ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خط، عالمی سازش کا ڈرامہ اور انقلاب 2 نمبر، انقلابیوں کا لیڈر عمران خان بھی دو نمبر، جو گرفتاری کے ڈر سے بنی گالہ میں نہیں پشاور میں بیٹھا ہوا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ تمام تر ریاستی جبر کے باوجود نواز شریف نے ججز کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کیا اور کامیاب رہے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور دھرنے میں اتنے آنسو پولیس کی آنسو گیس کی شیلنگ سے نہیں آئے جتنے عمران خان کے دھوکے کی وجہ سے آئے۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان عدم اعتماد کے وقت کہتا رہا ڈٹ کے کھڑا ہوں، اصل میں یہ پاؤں پڑا تھا، یہ لیک آڈیو میں بھی آصف زرداری صاحب کے پاؤں پڑ رہا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس بندے بھیجے، لانگ مارچ نہیں کرتا، الیکشن کا اعلان کریں، ن لیگی قائد نے صرف کہہ دیا دھونس، دھمکی میں آکر الیکشن نہیں کروائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ اب عمران خان سپریم کورٹ کو آوازیں دے رہا ہے، منتیں کر رہا ہے، لب لباب یہ ہے سپریم کورٹ 20 لاکھ بندے لاکر مارچ کامیاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں وعدہ کرتی ہوں عمران خان کے لگائے زخموں پر نواز شریف اور شہباز شریف مرہم لگائیں گے، میری ہمدردیاں سعید احمد جان کے گھروالوں کے ساتھ ہیں۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ 30 سال پہلے جس سفر کو 4 گھنٹے لگتے تھے، آج ایک گھنٹے میں طے ہوگیا، ہزارہ موٹر وے نواز شریف کا تحفہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ مانسہرہ اور ہزارہ نواز شریف کا تھا، ہے اور رہے گا، شہباز شریف پاکستان کا حقیقی خدمت گار ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی تقدیر بدلی، آپ کی سپورٹ سے شہباز شریف پاکستان کی قسمت بھی بدل دے گا۔

قومی خبریں سے مزید