ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم نے 21-2020میں آسٹریلوی سرزمین پر تاریخی ٹیسٹ سیریز فتح کی تھی۔ اس یادگار سیریز پر مبنی ویب سیریز ’بندوں میں تھا دَم‘ بن کر تیار ہے۔ اس ویب سیریز کا ٹریلر یکم جون کا لانچ کیا گیا جس نے ایک بار پھر اس سیریز کی فتح کا نشہ کرکٹ شائقین کے ذہن پر طاری کر دیا ہے۔ سیریز کے پہلے مقابلے میں شکست کے بعد کئی کھلاڑیوں کو چوٹ لگ گئی تھی اور اجنکیا رہانے نے ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔ رہانے کی کپتانی میں بھارتی ٹیم نے شاندار واپسی کی اور پھر بھارت نے ٹیسٹ سیریز پر 1-2 سے قبضہ کر لیا تھا۔ اس دوران پیش آئے لمحات اور کھلاڑیوں کے جذبات کو ویب سیریز میں شامل کیا گیا ہے۔ویب سیریز ’بندوں میں تھا دَم‘ 16جون کو ’ووٹ سلیکٹ‘ پر دیکھا جا سکے گا۔ یہ ویب سیریز امیزن پرائم پر ’ایشیز سیریز‘ کے بارے میں بنائی گئی ویب سیریز ’دی ٹیسٹ‘ کے طرز پر بنائی گئی ہے۔ ویب سیریز میں اُس ٹیسٹ سیریز میں حصہ لے چکے کئی کھلاڑیوں کے بیانات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی مقابلے کے دوران کیا کچھ واقعات پیش آئے، انھیں بھی دکھایا گیا ہے۔ ویب سیریز کے ہدایت کار نیرج پانڈے ہیں جنھوں نے اپنی ویب سیریز ’اسپیشل آپس‘، فلم ’اے ویڈنیس ڈے‘، ’ایم ایس دھونی-دی انٹولڈ اسٹوری‘، ’عیاری‘، ’بے بی‘ اور ’اسپیشل 26‘ بنا چکے ہیں۔اس ویب سیریز میں ہندوستانی کرکٹر اجنکیا رہانے، اسپنر آر اشون، سلامی بلے باز چیتیشور پجارا، تیز گیندباز محمد سراج، وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اور ہنوما وِہاری آسٹریلیائی ٹیسٹ سیریز کے بارے میں بتاتے نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ اس ویب سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے کوچ اور مقابلے کی کوریج کر رہے صحافی بھی اپنا تجربہ شیئر کریں گے۔