حال ہی میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دُنیا سے کوچ کرجانے والے بھارتی گلوکار کرشنا کمار کناتھ المعروف کے کے کی پوسٹ مارٹم کے مطابق اُن کے دل کے گرد چربی کی تہہ تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولس ذرائع نے بتایا کہ گلوکار کے کے کی پوسٹ مارٹم رپورٹس کو ہسٹوپیتھولوجیکل ٹیسٹ کے لیے بھیجا جا رہا ہے جبکہ پوسٹ مارٹم کے معائنے سے معلوم ہوا کہ ان کے دل کے گرد چربی کی تہہ تھی جو سفید ہوگئی تھی اور جب دل کھولا گیا تو والوز سخت ہوگئے تھے۔
ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ دل میں سختی وقت کے ساتھ ساتھ پیدا ہوتی ہے، اس لیے، پوسٹ مارٹم رپورٹس کو ہسٹوپیتھولوجیکل ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔
پولیس نے مزید کہا کہ گلوکار کے جسم سے 10 مختلف دوائیں، وٹامن سی، اینٹی ایسڈز اور سیرپس کے ساتھ ملی ہیں جو تیزابیت، سینے کی جلن اور گیس میں فوری آرام فراہم کرتی ہیں۔
گلوکار کے جسم سے جو دوائیں ملی ہیں ان میں کچھ ہومیوپیتھک ادویات بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گلوکار اکثر اینٹی ایسڈ گولیاں کھاتے تھے، 31 مئی کی صبح، اُنہوں نے اپنے مینیجر کو بتایا تھا کہ ان کی توانائی کم ہے۔ اس رات، اپنی موت سے چند گھنٹے پہلے، اُنہوں نے اپنی بیوی کو بتایا تھا کہ اُن کے کندھے اور بازوؤں میں درد ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار، منگل 31 مئی کو، کولکتہ میں ایک شو سے واپسی کے بعد، نیو مارکیٹ تھانے کے علاقے کے تحت واقع گرینڈ ہوٹل میں گر گئے تھے اور اُنہیں شہر کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا تھا۔