بھارتی گلوکار کرشنا کمار کناتھ المعروف کے کے کی پوسٹ مارٹم میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اُن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی اور اگر وقت پر سی پی آر دیا جاتا تو اُنہیں بچایا جا سکتا تھا۔
بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق پوسٹ مارٹم کرنے والے ایک ڈاکٹر نے اس شبہ کی تصدیق کی کہ کے کے کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، انہوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مزید کہا کہ گلوکار کو طویل عرصے سے دل کے مسائل تھے جن پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’گلوکار کے بائیں مین کورونری شریان میں ایک بڑی رکاوٹ تھی اور مختلف دیگر شریانوں اور ذیلی شریانوں میں چھوٹی رکاوٹیں تھیں، لائیو شو کے دوران بہت زیادہ جوش و خروش خون کے بہاؤ کو روکنے کا سبب بنا جس سے دل کا دورہ پڑا۔‘
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ ’اگر فوری طور پر گلوکار کو سی پی آر دیا جاتا تو اُنہیں بچایا جا سکتا تھا‘۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار، منگل 31 مئی کو، کولکتہ میں ایک شو سے واپسی کے بعد، نیو مارکیٹ تھانے کے علاقے کے تحت واقع گرینڈ ہوٹل میں گر گئے تھے اور اُنہیں شہر کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کے کے کی پہلی البم ’پل‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم اس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں گانوں پر توجہ دی۔
انہوں نے بلاک بسٹر فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کا مشہورِ زمانہ گیت ’تڑپ تڑپ کے‘، فلم ’دس‘ کا گیت ’دس بہانے‘، فلم ’غنڈے‘ کا گانا ’تو نے ماری انٹریاں‘ اور فلم ’وہ لمحے‘ کا مشہور گیت ’کیا مجھے پیار ہے‘ بھی گایا ہے، جبکہ فلموں میں ان کے گانوں کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔
دہلی میں پیدا ہونے والے کے کے لائیو شوز کے دوران اپنی پرفارمنس کی وجہ سے بھی مشہور تھے۔