بھارت میں انتہا پسندی کے واقعات میں روز بزور اضافہ ہوتا جارہا ہے، کبھی بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے تو کبھی انہیں کاروبار، عبادت اور دوسرے کاموں سے روکا جاتا ہے۔
حال ہی میں ایک ویڈیو مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک ہندو انتہا پسند فٹ پاتھ پر کپڑے بیچنے والے مسلمان بزرگ شہری کو زبردستی اٹھانے کے لیے دھمکیاں دے رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارت کے شہر کانپور میں بزرگ شہری سے ایک ہندو انتہا پسند بدتمیزی کر رہا ہے اور نازیبا الفاظ کا استعمال کر رہا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ شخص موقع پر موجود لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتا ہے کہ ’اور تم لوگ بھی ہندو ہوکر دیکھتے نہیں ہو ان لوگوں کو‘۔
دوران ویڈیو بزرگ شخص کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ بیٹا پریشان نہ ہو میں ہٹا دیتا ہوں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بزرگ شہری سے بدتمیزی کرنے والے شخص تشار شکلا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو رابطہ کمیٹی کے صدر تشار شکلا کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور آج اس کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک اور رہنما نے پیغمبرِ اسلام ﷺ کے خلاف توہین آمیز ٹوئٹس کیے تھے۔
گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم بھی چل پڑی ہے۔