قومی ہاکی کھیل ہاکی میں ہم جس تباہی اور بربادی سے دوچار ہیں، ان حالات میں ہمارے ویٹرنز ہاکی کھلاڑیوں نے ہوم گراؤنڈ پر عمان کے ویٹرنز کھلاڑیوں کے خلاف تین میچوں کی سیریز جیت لی، پاکستان نے پہلے میچ میں جو ایم اے شاہ اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی پر کھیلا گیا کام یابی حاصل کی، دیگر دو میچز فیصلہ کن ثابت نہ ہوسکی، پاکستان میں ویٹرنز ہاکی کو فروغ دینے میں قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین کا کردار بہت اہم ہے، درحقیقت وہ ملک میں ویٹرنز ہاکی کو فروغ دینے اور اسے ترقی دینے کے بانی ہیں، انہوں نے پاکستان ویٹرنز ہاکی ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی۔
ابتداء میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اس وقت کے حکام نے اصلاح الدین کی کوششوں کو روکنے کی بھر پور کوشش کی مگر انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ بھر پور حوصلے سے اپنے عزائم کو مثبت سمت پر گامزن رکھا ، ویٹرنز ہاکی ایسوسی ایشن کی ٹیم نے ہالینڈ میں ہونے والے ویٹرنز ورلڈ کپ ہاکی میں حصہ لیا، ایک بار پھر ٹیم کی ارجنٹائن میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے اقدامات کئے جارہے ہیں، مقابلوں کے انعقاد اور عالمی مقابلوں میں ٹیم کی شرکت کے لئے سابق کپتان اصلاح الدین نے ذاتی طور پر اسپانسر شپ حاصل کی، جو ان کی اسپانسرز اداروں کی ان پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مہمان ٹیم کا کراچی آمد پر قومی ہاکی ٹیم کے کوچ سمیر حسین، انٹر نیشنل ہاکی کھلاڑی محمد علی خان نے استقبال کیا،عمان کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان ویٹرنز کلب نے عمان کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی، کامران اشرف ، سمیر حسین نے گول اسکور کئے عمان کی ٹیم کا واحد گول عطاء حسن نےبنایا، مہمان خصوصی کمشنر کراچی اقبال میمن نے سیریز کا افتتاح کیا، دوسرا میچ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔
پاکستان ویٹرنز کلب کی جانب سے قمر ابراھیم اور سمیر حسین نےعمان کی جانب سے محمد عادل اور اسجام شاندک نے گول بنائے۔ اس میچ کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر سچل رینجرز بریگیڈیئر الطاف احمد تھے، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سید عمران علی شاہ، اسماء علی شاہ، سید محفوظ الحق و دیگر بھی موجود تھے۔ پاکستان ویٹرنز کلب نے یکسر ماسٹرز ویٹرنز ہاکی سیریز 1-0 سے جیت لی، عمان ویٹرنز اور پاکستان کے درمیان تیسر اورآخری میچ 1-1 گول سے برابر رہا، پاکستان ویٹرنز سید سمیر حسین تین گول ٹاپ اسکورر اور بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
عمان کے عاصم دائود کو بہترین گول کیپر کا اعزاز دیا گیا سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان نے بطور مہمان خصوصی اصلاح الدین، کے ایچ اے کے صدر جنید علی شاہ، یکسر کیمیکلز گروپ کے سی ای او محمد یوسف اور دیگر کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے، مہمان خصوصی جہانگیر خان نے سیریز کی فاتح ٹیم پاکستان ویٹرنز کلب کے کپتان اولمپئین کامران اشرف کو وننگ ٹرافی جبکہ عمان کے کپتان کو رنرزاپ ٹرافی انعام میں دی۔
مہمان خصوصی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو یادگاری شیلڈ دیں، اس موقع پر یکسر کیمیکلز گروپ کے سی ای او محمد یوسف، سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد، شعیب محمد، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید جنید علی شاہ، سیکریٹری حیدر حسین، اسماء علی شاہ، اولمپئین حسن سردار، اولمپئین ایاز محمود، اولمپئین افتخار سید، محفوظ الحق اور دیگر مہمانان گرامی بھی موجود تھے۔