نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارتی فوج میں بھرتی کے نئے نظام کے خلاف مظاہروں میں اس وقت شدت آگئی جب مشرقی ریاست بہار میں مظاہرین نے ایک ریلوے اسٹیشن میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور دفاتر میں توڑ پھوڑ کی۔دوسری جانب بھارتی حکام نے مسلح افواج میں بھرتی کے طریقہ کار میں تبدیلی کے خلاف عوامی اجتماعات اور پرتشدد مظاہروں کو روکنے کے لیے مشرقی ریاست بہار کے کئی حصوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ،ہزاروں نوجوانوں نے ٹرین کی بوگیوں پر حملہ کیا، ٹائر جلائے اور اسٹیشن پر اہلکاروں کے ساتھ ان کی جھڑپ بھی ہوئی۔بہار میں امن و امان کی نگرانی کرنے والے ایک سینئر پولیس اہلکار سنجے سنگھ نے بتایا کہ کم از کم 12 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا اور لگ بھگ 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔سنجے سنگھ نے بتایا ’تقریباً 2 ہزار سے ڈھائی ہزار لوگ مسوڑھی ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوئے اور فورسز پر حملہ کیا۔