لاہور(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت لاہور کے حلقہ پی پی 167میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں جھگڑے اور فائرنگ کے باعث دونوں جماعتوں کے افراد متعدد زخمی ہوگئے،دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی، فائرنگ اور جھگڑے کے دوران لیگی امیدوار نذیر چوہان کا بیٹا اور گارڈجبکہ پی ٹی آئی امیدوار خالد گجر کا بھتیجا زخمی ہوگیا،نذیر چوہان نے ن لیگی ایم این اے شائستہ پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شکست دیکھ کر PTIکے ہوش اڑ گئےہیں جبکہ حماد اظہرنے یاسمین راشد اور خالد گجرکے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون نافذ کردیا گیا ہے،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ آئی جی پنجاب سے شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیشں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ، بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھگڑے کا واقعہ اللہ ہو چوک کے قریب پر پیش آیا۔