اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں شاہراہ سرینگر پر رینجرز اہلکاروں پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کے حق اور شرپسندی و دہشتگردی کے متعلق پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔ امن و امان کے قیام کے لئے اسلام آباد میں موجود پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں جام شہادت نوش کرنے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کے بہادر بیٹے تھے۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے بھی دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے بھی رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پر مامور رینجرز اہلکاروں پر حملہ کرنے والے دہشتگرد ناقابل معافی ہیں۔