اکراچی ( اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کی تاجر برادری کی جانب سے نئی ایئرلائن شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ’’ایئر کراچی‘‘ کے نام سے نئی ایئر لائن بہت جلد آپریشن شروع کر دیگی۔ نئی ایئر لائن کے نام ’’ایئر کراچی‘‘ کو ایس ای سی پی نے بھی رجسٹرڈ کرلیا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدرحنیف گوہر نے صحافیوں کو بتایا کہ ایئر کراچی کے لائسنس کیلئے وفاقی حکومت کو درخواست ارسال کردی گئی ہے۔ ایئر کراچی کے لیے پہلے مرحلے میں 3طیارے لیز پر حاصل کیے جائینگے۔ ائیر کراچی میں سی او کے منصب پر سدرن کمانڈر ائیر وائس مارشل عمران کو مقرر کیا گیا ہے ، ایئرکراچی کے شیئر ہولڈرز میںعقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر ، بشیر جان محمد ، خالد تواب، زبیر طفیل ،حمزہ تابانی شامل ہیں۔ نئی فضائی کمپنی کا لائسنس چند دنوں میں حاصل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ ائیر کراچی 5 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے شروع کی جارہی ہے۔