اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ انہوں نے باربار یہ کہا کہ جو جیتاہے اسے جیتنے دو، ہارنے والوں کو مسلط نہ کرو۔ کراچی مئیر سے لے کر عام انتخابات تک فارم 47کی پیداوار نمائندوں کو مسلط کیا گیا اور عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ ماراگیا۔ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہاکہ یہ بات واضح ہے کہ موجودہ حکومت فارم 47کی جعلی حکومت ہے اور عام انتخابات میں تحریک انصاف کو کم از کم دو تہائی اکثریت ملی ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر جوڈیشل کمیشن بناکر فارم 45کی بنیاد پر عوام کی اصل منتخب کردہ حکومت لائی جائے، عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، 26ویں آئینی ترمیم کالعدم قراردی جائے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ تشدد کی راہ اپنانے والے خود اپنی قبر کھود رہے ہیں۔