دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ا نٹرنیشنل اولمپکس ڈے کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، لاہور میں پی او اے کے تحت، کراچی میں پاکستان اولمپک انوائرمنٹ کمیشن کے تحت کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں ایک رنگارنگ تقریب کاانعقاد کیا گیاجس میں اصلاح الدین، ملنگ بلوچ، کراچی ڈیویلمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سید محمد علی شاہ،ساؤتھ ایشین کراٹے گولڈ میڈلسٹ کلثوم ہزارہ، باکسر رضیہ بانو، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی نائب صدر فاطمہ لاکھانی، ممبر ویمن کمیشن تہمینہ آصف، ایس او اے کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، کے ایس ایف کے چیئرمین آصف عظیم، صدر وسیم ہاشمی، کے ڈی اے کے ممبر فنانس شجاعت حسین، ڈائریکٹر اسپورٹس ایازمنشی، پیرا اولمپک کے اسپیشل بچوں سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی اس موقع پر اولمپک کے لوگوپرمبنی خصوصی طور پر تیار کیا گیا کیک کاٹا گیا۔
اولمپئینز نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ سرسبز پاکستان شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے جبکہ اسپیشل بچوں نے فٹسال میچ میں حصہ لیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اولمپئین اصلاح الدین کاکہنا تھا کہ اولمپکس کھیل ایک قدیم روایت ہیں ، اولمپکس ڈے منانے کا مقصد دنیا بھر میں کھیلوں اور صحت بخش سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
ممبر انوائرمنٹ کمیشن تہمینہ آصف نے کہا کہ ادارہ ترقیات کراچی، بلدیہ عظمی کراچی اور پرائیوٹ سیکٹرز سے ایسی تقریبات کی سرپرستی لائق تحسین ہے اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین، محمدعلی شاہ اور فاطمہ لاکھانی نے اولمپئینز، انٹرنیشنل ایتھلیٹس اور اسپیشل بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے،کراچی اسپورٹس سرکل کی جانب سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر تقریب کا انعقاد ہوا۔
سرپرست پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر شاہدہ پروین کیانی نے اسپورٹس شخصیات کے ہمراہ انٹر نیشنل اولمپک ڈے کی مناسبت سے کیک کاٹا اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان، اصغر بلوچ، محمد سلیم خمیسانی، محمد ارشد،سلمان فوڈز کے نوید احمد، انٹر نیشنل ریسلر شیر خان اور قومی فٹ بالر عثمان غنی سمیت دیگر شخصیات اور کھلاڑی موجود تھے، کنگفو اکیڈمی کے زیراہتمام انٹرنیشنل اولمپک ڈے کے موقع پر حيدرآباد میں کیک کاٹا گیا۔
پرویز احمد شیخ نے اولمپک ڈے اور اولمپک چارٹر سے متعلق اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ان پر عمل پیرا ہونے اور ثابت قدم رہنے کی تلقین کی۔