• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی انتخابات، سندھ کے 14 اضلاع میں سے 13میں پی پی کامیاب

سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے 13 اضلاع میں کامیابی حاصل کرلی ہے جب کہ ضلع کونسل گھوٹکی میں اب تک جی ڈی اے کو سبقت حاصل ہے۔

ضلع کونسل کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے جیکب آباد، کشمور، شہید بے نظیر آباد یعنی نواب شاہ اور عمر کوٹ میں فیصلہ کن اکثریت حاصل کرلی ہے۔

اس کے علاوہ سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، میرپور خاص اور تھرپارکر میں پیپلز پارٹی کو اپنے حریفوں پر سبقت حاصل ہے۔

گھوٹکی میں ضلع کونسل کی 66 میں سے 14 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں سے 11 نشستیں جی ڈی اے نے جیت لی ہیں۔

جیکب آباد سے پی ٹی آئی کے محمد میاں سومرو موجودہ رکن قومی اسمبلی ہیں مگر یہاں پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہوئی ہے اور اب تک 30 میں سے 24 نشستیں پیپلز پارٹی نے اور 6 آزاد امیدواروں نے جیت لی ہیں۔

نواب شاہ کے شہری علاقے میں پیپلز پارٹی نے 56 میں سے 51 نشستیں جیت کر بڑا اپ سیٹ کیا اور یہاں ایم کیو ایم اپنے روایتی ووٹ بینک کے باوجود کوئی نشست نہ جیت سکی۔

میرپور خاص ٹاؤن کمیٹی میں بھی پیپلز پارٹی نے 68 میں سے 53 نشستیں جیت کر واضح کامیابی حاصل کی جب کہ ایم کیو ایم یہاں اپنے روایتی حلقہ اثر کے باوجود صرف 4 نشستیں حاصل کر سکی۔

پی ٹی آئی صرف شاہ محمود قریشی کے حلقہ اثر کے ضلع عمر کوٹ میں کچھ موجودگی دکھا سکی جہاں اب تک میونسپل کمیٹی کی 14 میں سے 6 نشستیں پی ٹی آئی نے جب کہ 8 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیتی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے حریف جتوئی گروپ کے گڑھ نوشہرو فیروز میں بھی پیپلز پارٹی نے اپنے حریفوں کو چت کر دیا اور اب تک ضلع کونسل کی 25 میں سے 22 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔

پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کا سب سے کڑا مقابلہ خیرپور میں متوقع تھا مگر یہاں بھی پیپلز پارٹی نے ضلع کونسل کی اب تک 35 میں سے 32 اور میونسپل کمیٹیوں کی 132 میں سے 84 نشستیں حاصل کر کے واضح برتری حاصل کر لی ہے۔

قومی خبریں سے مزید