• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متنازع ٹوئٹ، رام گوپال ورما کے خلاف ایف آئی آر درج

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)اپنے عجیب و غریب بیانات اور ٹویٹس کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے ہدایت کار رام گوپال ورما اب اپنے ایک ٹویٹ کی وجہ سے تنازعات میں گھر گئے ہیں۔ لکھنؤ کے حضرت گنج کوتوالی پولیس اسٹیشن میں رام گوپال ورما کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔یہ معاملہ رام گوپال ورما کے ٹویٹ سے متعلق ہے، جو انہوں نے حال ہی میں صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کے حوالے سے کیا تھا۔انہوں نے اس ٹویٹ میں پانڈو اور کورووں کے بارے میں سوال کیا تھا۔ اس ٹویٹ کے بعد ہدایت کار کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ ٹرول کیا گیا۔ حالانکہ ٹرولنگ کے بعد رام گوپال ورما نے وضاحت کی تھی ،لیکن اب اس معاملے میں ان کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔ہدایت کار رام گوپال ورما نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اگر دروپدی صدر ہیں تو پانڈو کون ہیں؟ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پھر کوروا کون ہیں؟ ڈائریکٹر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر لوگ مشتعل ہو گئے اور ان پر شدید تنقید کی گئی، جس کے بعد ہدایت کار کو اپنے ٹویٹ پر وضاحت دینا پڑی۔جب رام گوپال ورما صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کے بارے میں ٹویٹ کرنے کے بعد ٹرولز کے نشانے پر آئے تو انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا، جس کے بعد ڈائریکٹر نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ٹویٹ کرکے وضاحت کی۔ اگلے ٹویٹ میں رام گوپال نے لکھا کہ میں نے جو لکھا اس کی غلط تشریح نہیں کی جائے۔ مہابھارت میں دروپدی کا کردار میرا پسندیدہ کردار ہے، اس لیے ملتے جلتے ناموں کی وجہ سے مجھے متعلقہ کردار یاد آ گئے۔ میرا اس بیان کے ذریعہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا قطعی طور پر کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘

دل لگی سے مزید