پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما، سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، ان کی ساکھ ختم ہو گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور اسد عمر کے ہمراہ شیریں مزاری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔
ان کا کہنا ہے کہ آئین کو بدلنے کی کوششیں اعلیٰ عدالت سے مسترد کی جا رہی ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن بھی استعفیٰ دیں۔
شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر چاہتے ہیں کہ آئین کو بدل دیا جائے، وہ آئین کو بیک ڈور سے بدلنا چاہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن نہیں کرا سکتا، سپریم کورٹ اس کے خلاف ایکشن لے، چیف الیکشن کمشنر کی عزت اسی میں ہے کہ وہ خود استعفیٰ دیں۔
سابق وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں 5 مخصوص نشستوں کو فوری نوٹیفائی کیا جائے، الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن پر بیٹھا ہوا ہے۔