پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل احمد اویس نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا آج کا فیصلہ کسی اعتبار سے جوڈیشل فیصلہ نہیں جس کی تعریف کی جائے، یہ خیال رکھا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احمد اویس نے کہا کہ اوپن کورٹ میں عدالت نے صرف اتنا کہا کہ پی ٹی آئی کی درخواستیں منظور کرلیں جس کے بعد غلط فہمی ہوئی۔
دوسری جانب جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس نہ اکثریت ہے اور نہ ہی سادہ اکثریت ہے، کون ضامن ہوگا کہ یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی مطمئن ہوں گے؟ یہ اپنی مرضی اور خواہش کا فیصلہ چاہتے ہیں۔
سینیئر صحافی اور تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ عدالت نے انتخاب کے اوپر نہ سوال اٹھایا نہ الیکشن کو کالعدم قرار دیا، عدالت نے ایک راہ نکالی کہ معاملے کو کم وقت پر حل کیا جائے۔