• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کے موقع پر گھر کی ’کم خرچ‘ تزئین و آرائش کا منصوبہ

عید ایک ایسا موقع ہوتا ہے کہ جب خاندان کے لوگ مل کر کئی ایسے منصوبے بناتے ہیں، جن کا انھیں پورا سال انتظار ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عید کے موقع پر ہر چیز کی چہل پہل بڑھ جاتی ہے، ہر طرف چمکتے دمکتے چہرے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ بچوں کوجہاں نئے کپڑے اور نئے جوتے پہننے کا بے چینی سے انتظار ہوتا ہے تو اگر بڑی عید کی بات کریں تو بڑوں کو خوبصورت سے خوبصورت تر قربانی کا جانور خریدنے کی جستجو ہوتی ہے۔ 

دوسری جانب، خاتونِ خانہ کو گھر کی صفائی ستھرائی اور تزئین و آرائش کی فکر ہوتی ہے کیوں کہ عید کے موقع پر دوست اور رشتے دار جو گھر پر آئیں گے۔

اگر بڑی عید کے موقع پر آپ بھی اپنے گھر کی تزئین و آرائش کا سوچ رہے ہیں تو یہی وقت ہے کہ آپ اپنے ذوق، بجٹ اور ضروریات پر غوروخوض کرنے کے بعد فیصلہ کریں کہ آپ کیا چاہتے ہیں، کیوں کہ عید محض چند روز کی دوری پر ہے۔

آپ کا گھر آپ کی شخصیت کا عکس ہوتا ہے۔ آپ کا اوڑھنا بچھونا کتنا ہی خوب ہو، جب تک آپ کا گھر سلیقے اور قرینے سے عاری ہوگا، آپ کی شخصیت کا اچھا اثر نہیں جائے گا۔ ذیل میں دیے گئے مشوروں کے ذریعے ہم نے کوشش کی ہے کہ اس بار جب آپ گھر کی تزئین و آرائش کا پروگرام بنائیں تو آپ کو فیصلے کرنے میں آسانی ہو۔

لیونگ روم

خصوصاً عید کے موقع پر (اور ویسے بھی پورے سال) آپ کے لیونگ روم کو خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کا لیونگ روم چھوٹا ہے یا بڑا، وہاں جو بھی صوفہ رکھیں اس کا رنگ ایسا ہو کہ وہ کمرے کی دوسری چیزوں کی شان کو بڑھائے۔ یہی بات کمرے میں رکھی گئی کرسیوں کےلیے بھی کہی جاسکتی ہے۔ کمرے کے شیلف، چیزوں کو رکھنے اور ترتیب دینے میں بہت مدد دیتے ہیں۔

شیلف کا رنگ ایسا ہونا چاہے، جس میں رکھی ہوئی چیزیں واضح طور پر نظر آئیں اور کمرے میں دلکشی کا تاثر دیں۔ کمرے کی دیواروں کے لیے نیوٹرل ٹون یا پھر شوخ رنگوں میں آپ سبز، نیلا اور پیلا رنگ استعمال کر سکتے ہیں۔ لیونگ روم میں صوفےکے ساتھ ایک عمدہ قسم کا قالین ضرور بچھائیں تاکہ آپ کا کمرہ مکمل طور پر آرام و سکون کا مرکز بن جائے۔ قالین کے لیے کُشن ضروری ہیں۔

روشنی کا انتظام

آپ کے گھر کے تمام کمروں میں روشنی کا اچھا بندوبست ہونا چاہیے، تاہم سورج کی تیز روشنی سے بچاؤ کے لیے آپ پردوں یا بلائنڈز کا استعمال کرسکتے ہیں۔ اگر کمرے میں قدرتی روشنی کم آتی ہو تو لیمپس استعمال کریں یا شیشے اس طرح لگائیں کہ وہ روشنی کو کمرے میں منعکس کریں اور کمرہ اور گھر روشن لگے۔ کافی کی میز گھر کا ایک اہم جزو ہوتی ہے۔ اس کو اپنی پسند کے ڈیکوریشن پیس سے سجائیں، تازہ پھولوں کے لیے گلدان رکھیں یا پھر اپنی پسند کی کتاب ، میگزین اور اخبار وغیرہ رکھیں۔

اِنٹرنس روم یا ہال

اِنٹرنس روم یا ہال گھر کا وہ حصہ ہوتا ہے، جو گھر میں داخل ہوتے ہی آپ کے سامنے ہوتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کے گھر جب مہمان آئیں گے تو سب سے پہلے وہ آپ کے گھر کے اس حصہ میں موجود ہوں گے۔ ایک منفرد انداز کا فرنیچر آپ کے اس ہال کے لیے ضروری ہے۔ 

اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ فرنیچر پُرانا ہے یا نیا، لکڑی کا ہے یا پلاسٹک کا، رنگ روغن شدہ ہے یا فن دست کاری کا نمونہ۔ آپ یہ فرنیچر اپنے ہال کی دیوار کے ساتھ رکھیں اور کمرے میں کنٹراسٹنگ رنگ استعمال کریں۔ لائٹ کا عمدہ انتظام آپ کے ہال کی خوب صورتی میں اضافہ کرے گا اور یہ ایک بہترین ویلکم روم ہوگا۔ کمرے میں جوتے اور چابیاں رکھنے کے لیےبھی ایک جگہ ضرور مختص کریں۔

آرام گاہ

اس بار اپنے بیڈ روم کو سجانے کے لیے مختلف تخلیقی کام کا سوچیں۔ تین رنگوں کا انتخاب کریں۔ 60-30-10کے اصول کو مد نظر رکھتے ہوے کمرے میں رنگوں کا انتخاب کریں۔ کمرے میں پردے، کشن، چادریں، کمبل اور ضرورت کی تمام چیزیں آپ کے ذوق کی عکاس ہوں۔ کوشش کریں کہ کسی اور سے بھی مشورہ کر لیں تو زیادہ بہتر رہے گا۔کمرے میں روشنی کے لیے مناسب بندوبست ہونا ضروری ہے۔ اپنی پسند کی کتابیں ،تصاویر اور ضروری اشیا اس کمرے میں رکھیں۔

باورچی خانہ

منفرد، گہرے یا روشن رنگ، آپ جو بھی پسند کریں، آج کے جدید باورچی خانے میں آپ کو ہر طرح کے رنگ میں بہترین ڈیزائن اور رنگ مل جائیں گے۔ آپ کچن کے رنگوں کے لحاظ سے برتن اور دوسری چیزیں بھی لے سکتے ہیں۔ دیوار میں ہُک سے لے کر سلیب اور برتنوں سے لے کر فریج کے کلر تک، آپ تمام چیزوں کو اپنی پسند اور اسٹائل کے مطابق منتخب کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ جدید اسٹائل کے بجائے روایتی اور ثقافتی انداز سے بھی اپنے باورچی خانہ کو عید کے لیے تیار کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ، چھوٹی چھوٹی آرائشی اشیا جیسے پھول، پودے، موم بتیاں اور تصاویر گھر کو آرام دہ اور خوش گوار ماحول فراہم کرتی ہیں۔ آپ ان آرائشی اشیا کو گھر میں کرسی، صوفے، ٹیبل، روم کارنر اور ہال میں جہاں کہیں مناسب سمجھیں، سجاسکتے ہیں۔ یہ چیزیں آپ کے گھر کی خوبصورتی کو دوبالا کردیں گی۔