پشاور(لیڈی رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ ایک مذہبی تہوار ہے لیکن دراصل اس جذبہ قربانی و ایثار کا نام ہے جس نے حضرت ابراھیم علیہ السلام کو بیٹے کی گردن پر چھری رکھنے پر مجبور کر دیا ۔ اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کی قربانیاں قبول فرمائے۔ اس فریضہ کی اصل روح جانور کی قربانی میں نہیں بلکہ اللّٰہ کی ہمہ وقتی اطاعت اور تسلیم و رضا میں پوشیدہ ہے۔حضرت ابراھیم علیہ السلام ،حضرت اسماعیل علیہ السلام اوربی بی جاجرہ رحمۃ اللہ نے اطاعت خداوندی کی شاندار مثال قائم کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں سیدہ حاجرہ علیہ السلام کی ایثار و قربانی اور بہترین تربیت اولاد کی طرف بھی متوجہ کرتی ہے ۔حضرت حاجرہ علیہ السلام بہترین ماں اور بہادر رفیقہ حیات تھیں جنہوں نے مکّہ کے بیابان میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی ایسی تربیت کی کہ آج عیدالاضحی پر پوری امت مسلمہ انہیں داد شجاعت پیش کرتی ہے- انہوں نے کہا کہ اگر دور حاضر کی مائیں سیرت سیدہ حاجرہ علیہ السلام پر عمل پیرا ہو کر اپنے بچوں کی اسی انداز میں ترببت کریں تو نوجوان نسل امت محمدیہ کے پیغام کی اشاعت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں محسوس کریں اور اقامت دین کا فریضہ بہتر انداز میں انجام دے سکیں- دردانہ صدیقی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہمیں چاہیئے کہ ہم عید الضحی مظلوم مسلمانوں بالخصوص کشمیر ،فلسطین ،شام ، بھارت کے مسلمانوں کی دین کی سر بلندی کی خاطر ان گنت قربانیوں کو یاد رکھیں اور مظلوم مسلمانوں کو دعاؤں میں شامل رکھیں -