اسلام آ باد، لندن (نمائندہ جنگ، اے پی پی، جنگ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سابق حکومت کی لائی گئی مہنگائی سے ستائے لوگوں کی ممکنہ حد تک مدد کرینگے اور ان کی زندگی میں آسانیاں لائینگے۔
معلوم ہوا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت پھر 6فیصد گر گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرول 12روپے سے 14 روپے جبکہ ڈیزل 25 روپے سے 30روپے تک سستا ہو سکتا ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کاکہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق آج پیٹرولیم ڈویژن کی سمری آئیگی، آج ہی سمری وزیراعظم کو بھجوا کر انکی ہدایت کے مطابق فیصلہ ہوگا، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان بھی کل ہی کیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہئے۔ عوام نے مشکل وقت گزارا ہے، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُنکا حق ہے۔
وزیراعظم نےہدایت کی کہ عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کیساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے، اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شاءاللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائینگے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وزارت پیٹرولیم و خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کرنے کے معاملے پر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے۔
جیونیوز سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق کل پیٹرولیم ڈویژن کی سمری آئے گی۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ کل ہی سمری وزیراعظم کو بھجوا کر ان کی ہدایت کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان بھی کل ہی کیا جائے گا۔ جبکہ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بہت ضروری ہوا تو کل شام تک موصول ہوئی سمری وزیراعظم کو بھیجی جائے گی۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل قیمت میں آج بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ خام تیل کی قیمت بڑھنے کے بعد ایک بار پھر 6 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی (رائٹرز) کے مطابق منگل کو برطانوی خام تیل برینٹ 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا۔ برینٹ کی قیمت 7.62 ڈالر یعنی 7.1 فیصد کمی کے بعد 99.48 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 7.69 ڈالر یعنی 7.3 فیصد کم ہوکر 96.42 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل سمیت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
ادھر انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں 12 سے 14 روپے کمی ریکارڈ کی جاچکی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 25 سے 30 روپے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی نہ بڑھے تو 16 جولائی سے قیمت میں کمی ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبادی کی بڑھتی رفتار پر قابو پانا دنیا بالخصوص ترقی پذیر ممالک کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، وسائل اور حقوق کی فراہمی اور آبادی کے اضافے میں توازن پیدا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ،اس سال عالمی دن پر’’8 ارب آبادی کی دنیا، ایسا مستقبل جس میں سب کیلئے وسائل، مواقع اور حقوق کی فراہمی یقینی ہو‘‘ کا موضوع نہایت جامع ہے۔