اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ٹیلی فون کیا اور عیدالاضحی کی مبارک دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ وزیراعظم کا سعودی ولی عہد کے ساتھ دوطرفہ جاری اقدامات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں خاص طور پر تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ایران صدر رئیسی سے اور کویت کے وزیر اعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح کو فون کیا اور عید کی مبارکباد دی اس موقع پر رہنمائوں نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فوجن کرکے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارک پیش کی۔ انہوں نے برادر سعودی عوام کیلئے بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کامیاب حج آپریشن پر مبارک دیتے ہوئے حجاج کرام خاص طورپر پاکستانی حاجیوں کی بھرپور دیکھ بھال پر سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیادوں کا حوالہ دیا جو وقت کے ساتھ بتدریج مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ دوطرفہ جاری اقدامات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں خاص طور پر تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں قائدین نے اپریل 2022 میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے قریبی اشتراک عمل سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا جسے سعودی ولی عہد نے قبول کرلیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترک مذہب، تاریخ اور ایک دوسرے کی باہمی حمایت پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے اتوار کو ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔