ٹوکیو (جنگ نیوز )جاپان کے مقتول سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی آخری رسومات منگل کو ایک ٹیمپل میں ادا کر دی گئیں۔ ہزاروں افراد نے اپنے لیڈر کو الوداع کہا۔جاپانی عوام نے منگل کو اپنے سابق وزیر اعظم کے خاندان کے ساتھ ان کے جنازے کے جلوس میں شرکت کی اور انہیں آخری بار الوداع کہا۔ شنزو آبے چند روز قبل ساری دنیا کو چونکا دینے اور جاپانی قوم کو شدید صدمے میں مبتلا کر دینے والے ایک قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔منگل 12 جولائی کو آبے کے جنازے میں روایتی سوگواروں کے سیاہ لباس میں ملبوس ہزاروں افراد نے شرکت کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹوکیو کے مرکز میں Zojoji ٹیمپل کے سامنے ان کا جنازہ جلوس کی شکل میں پہنچایا گیا۔ اس موقع پر سوگواروں نے موٹر سائیکلوں کے اُس جلوس کے ساتھ بہت آہستہ آہستہ ہجوم کی طرف بڑھتی ہوئی آبے کی بیوہ کو ہاتھ ہلا کر پُرسا دیا جو انتہائی سوگوار انداز میں سر جھکائے آبے کے جسد خاکی کے ساتھ ساتھ چل رہی تھیں۔