• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اووسیز پاکستانیز کئی بلین ڈالرز کا زرمبادلہ کسی شرط کے بغیر پاکستان بھجواتے ہیں، چوہدری سرور

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) دی گرینڈ اوورسیز کلب نارتھ ویسٹ کے صدرچوہدری رضوان نصیر مرالہ کی جانب سے سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے اعزاز میں رائل نواب مانچسٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے خطاب کرتے ہوئے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہئے کہ کتنا وقت انسانیت کی خدمت میں گزارا، تاریخ ہمیشہ اُن لوگوں کو زندہ رکھتی ہے جو انسانیت کی خدمت کرتے ہیں، میں ہمیشہ اپنے بیٹے انس سرور کو کہتا ہوں کہ غریب لوگوں کے ساتھ رہو اور وقت گزارو تاکہ تمہیں اندازہ ہو کہ غربت کیا چیز ہے جو لطف آپ کو دکھی انسانیت کی خدمت میں ملتا ہے وہ بادشاہت میں بھی نہیں ملتا، چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ میں نے گورنر ہاؤس میں اپنے اسٹاف کو ہدایات دی ہوئی تھیں کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ہر اوورسیز پاکستانی کے لیے کھلے ہیں، لوگ کہتے تھے گورنر ہاؤس پر اوورسیز پاکستانیوں کا قبضہ ہے، ہم نے پنجاب اوورسیز کمیشن قائم کیا جو آج بھی کام کر رہا ہے، اوور سیز پاکستانیوں میں خدمت اور عطیات دینے کا جذبہ بہت زیادہ ہے، کورونا وائرس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی مدد سے گورنر ہاؤس میں چیرٹی کی گئی جو پنجاب کےشہروں میں غریب افراد پر خرچ کی گئی، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کڑی شرائط اور ناک سے لکیریں کھنچوانے کے بعد پاکستان کو 2 بلین ڈالر دے رہا ہے، دوسری طرف اوورسیز پاکستانی ہیں جو سالانہ 30بلین ڈالر زرمبادلہ کی صورت میں بلا کسی شرط کے پاکستان بھجواتے ہیں،انہوں نے کہا کہ جب میں 1996میں اپنی سیاسی خود مختاری کی جنگ لڑ رہا تھا تو اوورسیز پاکستانیوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا، انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ برطانیہ کی لوکل سیاست میں حصہ لیں، آج پاکستان یوکے ایڈ کا سب سے بڑا وصول کنندہ ہے جس کی سب سے بڑی وجہ وہ تمام ممبر ان پارلیمنٹ، میئرز اور نمائندے ہیں جو چاہے جس بھی پارٹی سے ہوں پاکستان کے لیے کام کرتے ہیں۔ چوہدری سرور نے سرور فاؤنڈیشن کی کارکردگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ باقاعدگی سے قائم کیے جانے والے کیمپوں میں اب تک 1لاکھ لوگوں کا اسکریننگ ٹیسٹ اور ہیپاٹائٹس کا علاج ہو چکا ہے۔ سرور فاؤنڈیشن 2.2بلین لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرتی ہے، میں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے گزارش کی ہے کہ کشمیر اور یاسین ملک کے معاملے میں اکھٹے ہوں اور ٹاسک فورس بنائیں، یاسین ملک کی سزا ناانصافی اور ظلم پر مبنی ہے، انشااللہ ان کی رہائی کی پوری کوشش کریں گے۔ تقریب میں چوہدری سرور نے دی گرینڈ اوورسیز کلب نارتھ ویسٹ کے عہدیداروں کونوٹیفکیشن بھی جاری کئے، تقریب کا آغاز ڈاکٹر محمد یونس پرواز نے تلاوت قران مجید سے کیا ، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض چوہدری عمران نے ادا کیے، چوہدری رضوان نصیر مرالہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کو بنانے کامقصد بیرون ملک بسنے والوں کے مسائل کوحل کرنا ہے جیسے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پرناجائزقبضہ، اغوا برائے تاوان،ائرپورٹ پر نارواسلوک جیسے مسائل کے حل کےلیے یہ پلیٹ فارم موجود ہے ۔ موجودہ حکومت کو یاد کرانا ہے کہ بیرون ملک رہنےوالے پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات محنت کرکے پاکستان زرمبادلہ بھیجتے ہیں ،تقریب میں چوہدری محمد نواز،چوہدری مصدق ،راجہ عادل،جعفر اقبال،میئر بولٹن کونسلر اختر زمان کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں قاضی محمد امیر ،عدنان نصیر، چوہدری محمد ارشد ،شعاف خان،چوہدری جاشف، چوہدری حاجی آفتاب احمد،طارق خان،انعام اللہ، چوہدری اختر ملوانہ،ڈاکٹر حامد خان مشرقی،چوہدری مسرت علی، محمد رازق،خواجہ طلحہ،شوکت حیات،مہر تصدق،حاجی اصغر، چوہدری شہباز غوث،اویس حسین،احمد کریم مرالہ،اسد کریم،بلال غنی،نصیر زمان نے شرکت کی، آخر میں انہوں نے جنگ، جیو اور میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔
یورپ سے سے مزید