مانچسٹر(ہارون مرزا/زاہد انور مرزا)برطانیہ میں کرسمس کی تقریبات سے قبل میٹ آفس نے طوفان کی پیشگوئی کر دی۔میٹ آفس کی طرف سے جاری کردہ تنبیہ میں کہا گیا ہے کہ طوفانی ہوائیں نہ صرف کرسمس کی تیاریوں کومتاثر کر سکتی ہیں بلکہ سفری مشکلات اور افراتفری پیدا کرنیکا سبب بن سکتی ہیں۔کرسمس سے قبل برطانیہ میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر نیچے گرنے اور شدید سردی کی تنبیہ جاری کر دی گئی جب کہ شدید برفباری جسے ’’سنوبم‘‘ کا نام دیا جا رہا ہے کی توقع کی جا رہی ہے ۔مسیحی برادری کے سب سے بڑے مذہبی تہوار کے موقع پر لوگوں کو تیاریاں کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رواں سال سفید کرسمس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی جس سے سردی کی شدید لہر کرسمس کی تقریبات کو متاثر کر سکتی ہے ۔دو ییلو وارننگ جاری کرتے ہوئے میٹ آفس نے کہا ہے کہ 80میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں بجلی کے نظام اور عمارتوں کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ تک کا علاقہ طوفانی ہواؤں کی لپیٹ میں آ سکتا ہے لاکھوں لوگ طوفانی ہواؤں کا سامنا کریں گے۔ کارن وال سے کمبریا تک پورے مغربی انگلینڈ کا طوفانی ہوائیں احاطہ کرینگی۔ پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ سڑک ‘ ریل ‘ ہوائی اور فیری ٹرانسپورٹ کی سروسز بھی طوفانی ہواؤں کے سبب تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں جوں جوں کرسمس نزدیک آ رہی ہے موسمی حالات میں شدت آنے کی توقع کی جا رہی ہے ہفتے کے آخر میں پہلی پیلی وارننگ ہفتے کے روز سکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ پر محیط ہے ساحلی علاقوں میں بھی 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے یہ وارننگ ہفتہ کی صبح 7 بجے سے نافذ کر دی گئی ہے۔ میٹ آفس نے گلاسگو، انورنس، بیلفاسٹ کے علاقوں میں 50 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طوفانی صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں کرسمس کی تیاریوں کو بھی اس حوالے سے مد نظر رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ طوفانی ہواؤں سے گھروں کی ٹائلیں اڑجانا جیسے خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انوائرمنٹ ایجنسی نے انگلینڈ کے لیے 23 فلڈ الرٹس جبکہ سکاٹش انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے سات الرٹ اور پانچ وارننگز جاری کی ہیں ہنگامی خدمات اور کونسل کے کارکنوں کو بھی سیلابی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کارمارتھن شائر میں پیمبری سینڈز میں 55 میل فی گھنٹہ اور پلائی ماؤتھ، ڈیون میں 50 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئی ہیں‘ نارتھ ویلز میں بھی طوفانی ہوائیں شروع ہو گئی ہیں ٹرانسپورٹ فار ویلز نے متنبہ کیا کہ لینڈرینڈوڈ اور نائٹن کے درمیان لائن کو روکنے والے درخت نے شریوسبری اور للینیلی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں میں تاخیر کی آئل آف مین سٹیم پیکٹ کمپنی نے کہا کہ لنکاشائر میں ہیشام سے ڈگلس تک فیری سروس منسوخ کر دی گئی تھی لیکن آج سروسز معمول کے مطابق چلنے کی توقع ہے ۔