• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کیلئے پاکستان کے ہر ضلع میں کلب بنائیں گے، بیرسٹر امجد ملک

مانچسٹر( نمائندہ جنگ) اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا جائز مقام دینے کیلئے ہر ضلع میں اوورسیز پاکستانی کلب بنائیں گے جہاں نہ صرف اوورسیز پاکستانی رہ سکیں گے بلکہ اپنی خاندانی تقریبات بھی منعقد کر سکیں گے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اوور سیز پاکستانیوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار او پی ایف کے وائس چیئرمین چیف کوارڈینیٹر مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک نے اپنے دورہ برطانیہ کے موقع پر روزنامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت تبدیل ہوتی ہے تو مشکلات بھی سامنے آتی ہیں۔ اوور سیز پاکستانی کمیشن غفلت کا شکار تھا مگر اب اسے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ او پی سی کا تمام اسٹاف اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت موجود ہے، او پی سی کا کام اوور سیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینا بھی ہے، انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ میں اوورسیز کمیٹیاں اور ایڈوائزری کونسل 90 دن کے اندر مکمل کر لی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ کل 35 ہزار کے قریب شکایات تھیں جن میں سے 25 ہزار کا ازالہ کر دیا گیا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یونان کے قریب کشتی کا حادثہ انتہائی المناک ہے، یونان میں پاکستان کے سفیر آفتاب قریشی اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان کو اپنی رپورٹ پیش کر یں گے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت ترین ہاتھ ڈالنا چاہئے، ہر چھ ماہ بعد کوئی نہ کوئی کشتی ڈوب جاتی ہے جس میں قیمتی جانوں کا نقصان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف جلد اوورسیزپاکستانیوں کے اجلاس کی صدارت کریں گی۔
یورپ سے سے مزید