لندن ( نمائندہ جنگ ) پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے چیچی برادران کی طرف سے اپنے اور او پی ایف کے بورڈ ممبر کامران خان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو شاندار ملک بنانے کیلئے ہمیں اپنی ترجیحات کو بدلنا ہو گا۔ ملک کی ترقی کیلئے قوم کی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے، ہم اداروں کے استحکام کی بات کرتے ہیں لیکن اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے عوام کی سوچ میں بیداری لانا ضروری ہے ۔ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،ملک کا سب سے اہم اثاثہ نوجوان ہیں جنہوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ملک کی بہتری کے لئے ہر شخص کو اپنے حصے کی ذمہ داری پوری ایمان داری سے ادا کرنی ہو گی۔افسوس ہے چند عناصر ملک میں افراتفری پیدا کرنے اور سول نافرمانی کی بات کر کے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں،سید قمر رضا نے کہا کہ او پی ایف نے اوورسیز کے فون ٹیکس کو ختم کرنے ،ائرہوسٹس پر ہیلپ سنٹر کو مزید متحرک بنانے، اوورسیز کو ٹیکس میں فائلر کا اسٹیٹس دینا کورٹ فیصلہ کے لیے اسپییشل کورٹ جو 90 روز میں فیصلہ کرے گی ،اوورسیز کو مکمل تحفظ، پارلیمنٹس میں اوورسیز کی نمائندگی جیسے معاملات طے ہو چکے ہیں اس کے علاوہ بھی دیگر مسائل حل کرنے کیلئے پیش رفت جاری ہے۔میزبان فیصل چیچی نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کیلئے کمیونٹی کو متحد ہو نا ہو گا۔وقار ملک نے کہا کہ جب تک ملک سے تنقیدی سیاست کا خاتمہ اور اداروں کے ساتھ وفاداری کا نظام ٹھیک نہیں ہو گا مسائل بڑھتے رہیں گے۔ تقریب میں بزنس فورم کے صدر قیصر چیچی، محمد علی راج گاڑیہ ،منور چیچی اور نیوزی لینڈ کے محمد عثمان، عاقل چوہدری اور نعت خواہاں سید نور شاہ نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں او پی ایف بورڈ کے سینئر ممبر افضال بھٹی کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔