افریقی ملک گھانا نے ملک میں 'ماربرگ وائرس' کے دو کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یہ وائرس نہایت موذی ہے اور ایبولا سے ملتا جلتا ہے، رواں مہینے کے آغاز میں دو افراد میں ماربرگ وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو اب انتقال کر چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق گھانا میں ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ 10 جولائی کو مثبت آئی تھی لیکن سینیگال کی لیبارٹری میں کیسز کی مزید تصدیق ہونا باقی ہے۔
گھانا کا محکمہ صحت نئے وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد سے ملنے والے تمام افراد کی شناخت کرکے انہیں آئسولیٹ کر رہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تاحال کسی بھی رابطہ کار شخص میں ماربرگ وائرس کی علامات نہیں پائی گئی ہیں۔
قبل ازیں مغربی افریقہ کے ملک گینیا میں وائرس سے متاثرہ ایک شخص کی شناخت ہوئی تھی۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ مرنے والے دونوں افراد کو ہیضہ، بخار، چکر اور الٹی ہوئی تھی۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق ماربرگ وائرس چمگادڑوں سے لگتا ہے اور وائرس میں مبتلا افراد سے براہ راست رابطہ کرنے کی صورت میں دوسرے شخص کو بھی لگ سکتا ہے۔