پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی۔
سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 342 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میچ وننگ سنچری بنانے والے عبداللّٰہ شفیق مین آف دی میچ قرار پائے۔
پاکستان کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں عبداللّٰہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 160 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ محمد نواز 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کپتان بابر اعظم نے بھی اچھی بیٹنگ کی، وہ 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں بابر اعظم، امام الحق، اظہر علی، محمد رضوان، آغا سلمان اور حسن علی شامل ہیں جنہوں نے بالترتیب 55، 35، 6، 40، 6 اور 5 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں پربتھ جےسوریا نے 4 اور رمیش مینڈس اور دھننجایا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
خیال رہے کہ سری لنکا نے مہمان ٹیم پاکستان کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا ہے، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 4 رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 337 رنز ہی بنا سکی۔
میزبان ٹیم نے تیسرے دن کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنا لیے تھے جبکہ چوتھے روز محض 8 رنز کا اضافہ کر سکی۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مل 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جنہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔
اوشادہ فرنینڈو اور کوشال مینڈس نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، جنہوں نے بالترتیب 64 اور 76 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے محمد نواز نے 5، یاسر شاہ نے 3 جبکہ حسن علی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں222 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
سری لنکا کی طرف سے دنیش چندی مل سب سے نمایاں کھلاڑی رہے جنہوں نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں جہاں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی وہیں ایک مرتبہ پھر مردِ بحران کپتان بابر اعظم نے ایک یادگار اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے خسارے سے بچا لیا۔
قومی ٹیم 218 رنز بنا کر پویلین لوٹی، اس اننگز میں بابر اعظم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 7 ویں سنچری بھی بنائی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی 17 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
سری لنکا کی جانب سے پربتھ جے سوریا نے 5 وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ مہیش ٹھیکشانا اور رمیش مینڈس نے 2، 2 جبکہ کاسن راجیتھا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
اچھی بیٹنگ پر اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں، عبداللّٰہ شفیق
عبداللّٰہ شفیق کا کہنا ہے کہ اچھی بیٹنگ پر اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں، کامیابی سے ہدف حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ایک ہی حکمت عملی تھی کہ ہدف حاصل کرنا ہے، بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹرز میں ایک ہیں۔
سری لنکا کے کپتان دیمتھ کرونارتنے کا کہنا ہے کہ بڑا اسکور کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھایا، پہلی اننگز میں بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، چوتھی اننگز میں ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے چوتھے دن اچھی بیٹنگ کی، پربتھ جےسوریا نے اچھی بولنگ کی، انہوں نے بڑے بڑے اسپیل کرائے۔
سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ اگلے میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بولرز نے پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پہلی اننگز میں وکٹیں پے در پے گریں، ٹیل اینڈرز نے اچھا ساتھ دیا۔
پاکستان نے چوتھی اننگز میں 300 سے زائد کا ہدف چوتھی بار کامیابی سے حاصل کیا۔
سری لنکا نے بھی 4 مرتبہ جبکہ بھارت نے 3 مرتبہ 300 سے زائد کا ہدف چوتھی اننگز میں حاصل کیا۔
آسٹریلیا 9، ویسٹ انڈیز 7 اور انگلینڈ کی ٹیم 5 ٹیسٹ اس انداز میں جیت چکی ہے۔