• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی انتخابات: سندھ کے تمام نجی اسکولوں کو مراسلہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈائریکٹر جنرل سندھ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن پروفیسر سلمان رضا نے الیکشن کمشنر آف پاکستان کے خط کی تعمیل میں بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبۂ سندھ کے تمام نجی اسکولوں کے لیے مراسلہ لکھا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن پروفیسر سلمان رضا نے الیکشن کمشنر آف پاکستان کے خط کی تعمیل میں صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے، تمام متعلقہ اسکول پرنسپلز اور پرائیویٹ ایڈمنسٹریٹرز کراچی اور حیدرآباد ریجنز کے تحت آنے والے ان نجی اسکولوں کو جنہیں 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، گشتی مراسلے کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ وہ 22 سے 24 جولائی 2022ء تک تمام بنیادی سہولتیں اسکولوں میں فراہم کر دیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چوکیدار، چپراسی، پانی، بجلی، چہار دیواری، بیت الخلاء اور معذور ووٹرز کی وہیل چیئر کے ذریعے اسکول میں چڑھائی کو یقینی بنائیں۔ 

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشنر آف پاکستان کی مانیٹرنگ ٹیمیں ڈائریکٹوریٹ کے افسران کے ساتھ پولنگ اسٹیشن کا دورہ بھی کریں گی تاکہ مذکورہ سہولتوں کی دستیابی کی تصدیق کی جا سکے، اس لیے ان کی سہولت کے لیے اسکول میں ایک یا دو افراد یا اسٹاف ممبران کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

مراسلے میں تمام متعلقہ اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا موبائل نمبر اسکول کے چوکیدار کو دیں تاکہ الیکشن کمشنر آف پاکستان یا ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن آف رجسٹریشن کے افسران کے دورے کے وقت اسکول کے سربراہان و مالکان سے رابطہ کیا جا سکے۔

قومی خبریں سے مزید