• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی خواتین کوہ پیمائوں نے تاریخ رقم کردی

پاکستانی دو خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ایک ہی دن میں دنیا کی بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کر کے نئی تاریخ رقم کردی، ثمینہ بیگ نے 22 جولائی کی صبح 7 بج کر 42 منٹ پر کے ٹو کی چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما کا اعزاز حاصل کیا ،نائلہ کیانی اسی دن صبح 10 بج کر 15 منٹ پر کے ٹو کے ٹاپ پر پہنچیں ، 8611 میٹر بلند کے ٹو دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے۔

ثمینہ کی ٹیم کے اراکین عید محمد، بلبل کریم، احمد بیگ، رضوان داد، وقار علی اور اکبر سدپارا بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ثمینہ بیگ نے 2013 میں ماؤنٹ ایوریسٹ کو بھی سر کیا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور نائیلہ کیانی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی 'کے 2' سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہلخانہ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کے لیے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں۔ شہباز شریف نے لکھا کہ ثمینہ بینگ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی خواتین کوہ پیمائی کے صبر آزما کھیل میں مردوں سے پیچھے نہیں ہیں، امید ہے ثمینہ بیگ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔ ثمینیہ بیگ نے یہ اعزاز اپنی 6 رکنی ٹیم کے ساتھ حاصل کیا ہے، انکے بھائی محبوب علی کا کہنا ہے کہ ان کی بہن چوٹی پر پاکستانی جھنڈا لگانے کے بعد اب وہ واپسی کےراستے پر گامزن ہیں۔ دوسری جانب دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش میں دل کا دورہ پڑنے سےافغان کوہ پیما علی اکبرجاں بحق ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوٹی سر کرنے کی کوشش میں دل کا دورہ پڑنے سے افغان کوہ پیما علی اکبر سخی جاں بحق ہوئے، انکی میت کو بیس کیمپ لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ افغان کوہ پیما کی میت کو ریسیکیو کے لیے جانے والی ٹیم میں سرباز خان اور سہیل شیخ شامل ہیں۔ اس سے قبل دنیا کے دوسری بلند ترین پہاڑ کے ٹو کی چوٹی پر پہنچنے والوں کی فہرست میں پاکستانیوں کے نام تو تھے لیکن ان میں کسی خاتون کا نام نہیں تھا تاہم ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ایک ہی دن میں اس پہاڑ کو سر کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔

ثمینہ بیگ کا تعلق گلگت بلتستان میں واقع ضلع ہنزہ کے علاقے شمشال سے ہے جہاں کے کئی لوگوں کا پیشہ کوہ پیمائی ہے،نائلہ کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی شہر کے علاقے گوجر خان سے ہے۔ انھوں نے ایرو سپیس انجینیئرنگ کی تعلیم برطانیہ سے حاصل کر کے کچھ عرصے اس شعبے میں بھی کام کیا تھا تاہم اب وہ اپنے خاوند کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں جہاں اس وقت وہ ہیکنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید