لاہور( جنرل رپورٹر ) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ای ایم ای سوسائٹی میں غیر قانونی طور پر گردوں کی پیوندکاری کرنے والے لاہور جنرل ہسپتال کے دو ڈاکٹروں سمیت تین ملازمین کو انکوائری کے بعد ملازمتوں فارغ کر دیا ہے، ڈاکٹر فواد ممتاز ،ڈاکٹر التمش کھرل،اسسٹنٹ شہزاد نے ای ایم ای سوسائٹی میں آپریشن تھیٹر بنا رکھا تھا، نوٹیفکیشن کےمطابق سابق اسسٹنٹ پلاسٹک سرجری ڈاکٹر فواد ممتاز اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر التمش کھرل آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ محمد شہزاد2017میں ای ایم ای سوسائٹی کے ایک نجی بنگلے میں غیر قانونی طریقے سے مریضوں کے گردوں کی پیوندکاری کر تے ہوئے پکڑے گئے ،جو وہاں ایک خاتون اور ایک مرد کے گردے غیر قانونی طور پر نکال رہے تھے جو دو اومانی باشندوں کو غیر قانونی طو ر ٹرانسپلانٹ کئے گئے ۔ انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کے بعد تینوں کو برطرف کرنے کی سفارش کی تھی ،تینوں ملازمین پنجا ب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی سے رجسٹرڈ بھی نہیں تھے ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر فوا د ممتاز اور ڈاکٹر التمش کھرل متعدد نوٹسز کے باوجود انکوائری افسر کے سامنے پیش ہی نہیں ہوئے۔