• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلہ چارج شیٹ، ثابت ہوگیا عمران صادق و امین نہیں، وزیراعظم، وزراء

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم، وفاقی وزراء اور حکومتی اتحاد کے رہنمائوں کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ چارج شیٹ ہے، ثابت ہوگیا عمران خان صادق و امین نہیں، خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا،عمران خان کا سیاست میں رہنے کا اب کوئی جواز نہیں، تاحیات پابندی ہونی چاہیے، سپریم کورٹ کے صادق اورامین الیکشن کمیشن میں جھوٹے نکل آئے،فیصلہ اگر پی ٹی آئی کے حق میں ہے تو پھر چیخ کیوں رہے ہیں؟۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف، قمر الزمان کائرہ، خورشید شاہ، مریم نواز، مریم اورنگزیب، مولانا فضل الرحمٰن، رانا ثناء اللہ، اعظم نذیر تارڑ، شازیہ مری نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر رعمل دیتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان ایک بار پھر جھوٹا ترین ثابت ہوگئے ،پارٹی چیئرمین شپ سےمستعفی ہوجائیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ ‏پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان پر فرد جرم ہے کہ انہوں نے جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے اور غیرقانونی غیرملکی فنڈنگ وصول کرکے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی۔ قوم کو غیرملکی فنڈنگ کے سیاسی اثرات پر غور کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر حکومت نے ریفرنس سے متعلق فیصلہ کرنا ہے۔مکمل مشاورت، تحمل مزاجی اور تمام قانونی نکات کا بخوبی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔ پی ٹی آئی چیئرمین پر حقائق چھپانے پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے، سپریم کورٹ کا فل بنچ معاملے کی سماعت کرے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، عمران خان کی منی ٹریل قانون کیخلاف ہے، عمران خان کا سیاست میں رہنے کا اب کوئی جواز نہیں، عمران خان نے جو ڈیکلریشن جمع کرایا وہ غلط اور جھوٹا قرار دیا گیا، پاکستان کے آئینی ادارے نے آپ کی رسیدوں اور منی ٹریل کے خلاف فیصلہ دے دیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جو فیصلہ آیا ہے عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے۔ مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ خان پاکستان کا پہلا اور واحد سیاستدان ہے جو ایک ہی فیصلے میں ناقابلِ تردید ثبوتوں کے ساتھ بیک وقت جھوٹا، کرپٹ،منی لانڈرر اور بیرونی قوتوں کے ایما پر کام کرنے والا ثابت ہوا ہے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان پارٹی کی سربراہی سے استعفیٰ دیں، چور، جھوٹا، فارن فنڈنگ منی لانڈرر آخر 8سال بعد پکڑا گیا، عمران خان صادق اور امین نہیں عمران خان پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازشی منصوبہ تھا اور ہے، جھوٹا اور جعلساز ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے مہر لگا دی عمران خان نے اسرائیل، بھارت سمیت دیگر ملکوں سے فارن فنڈنگ لی اور پاکستان میں فتنہ برپا کیا وفاقی حکومت قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کریگی۔پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ آج کے الیکشن کمیشن کے فیصلے نے میرے 2010سے اپنائے گئے موقف پر مہرِ تصدیق ثبت کردی، عمران خان یہود سمیت عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اگر پی ٹی آئی کے حق میں ہے تو پھر چیخ کیوں رہے ہیں؟ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آج عمران خان بے نقاب ہوا ہے، یہ بندہ حلف نامے جھوٹے دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ایک پلان کے تحت لانچ کیا گیا، اس پوری پارٹی کے لوگوں کے ہاتھ دوسروں کی جیبوں میں ہیں۔اُن کا کہنا تھاکہ نواز شریف کو 10 ہزار روپے نہ لینے پر نااہل قرار دیا گیا، ہمارا موقف ہے کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ جب تک عدالتی فیصلے حق میں آئیں تو اچھی، خلاف آئیں تو غلط ہیں، پاکستان میں معاشرے کی اخلاقیات کو تباہ کردیا گیا، یہاں تو کئی مقصود چپراسی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید