• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا سابق وزیراعظم سب سے بڑا منی لانڈرر نکلا، صوبائی وزراء

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا سابق وزیر اعظم سب سے بڑا منی لانڈرر نکلا، وفاقی ادارے ایف آئی اے سمیت نیب ، ایف بی آر ، اسٹیٹ بینک کو فوری طور متحرک کیا جائے، آخر پاکستان کی سیاست میں اسرائیل اور انڈیا کے لوگ کیوں فنڈنگ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن ، سید ناصر حسین شاہ ، سیدہ شہلا رضا ، نواب تیمور ٹالپر اور قاسم نوید نے منگل کو سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تاریخی فیصلہ دیا ہے، ثابت ہوگیا کہ عمران خان انٹرنیشنل چور ہے، جس نے نہ صرف قوم کو دھوکا دیا ہے ، اس بہروپئے شخص نے پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عمران خان اور انکے ساتھیوں کے نام پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے جائیں تاکہ یہ لوگ ملک سے فرار نہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے اور اگر قانون اجازت دے تو عمران خان کو گرفتار کیا جائے۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ شخص پاکستان کے لئے بدنامی کا باعث بنا ہے ، اب ہمارے ملک کو چیرٹی کون دیگا ، اس شخص کی حرکتوں کی وجہ سے پوری دنیا کو غلط مسیج گیا ہے۔ فیصلہ سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان سے بڑا چور، منافق بہروپیہ پاکستان کی تاریخ میں پیدا نہیں ہوا۔
اہم خبریں سے مزید