• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتا،سیاسی و مذہبی رہنما

لاہور(خبرنگار،نمائندہ خصوصی،اپنے نامہ نگار سے) تحریک انصاف کی سابقہ اراکین قومی اسمبلی اور مرکزی رہنماؤںنے مختلف مقامات پر منعقدہ تقریبات اور سیمینارسے ایڈووکیٹ شجاعت جندران، سعدیہ سہیل ، ملک ظہیر عباس کھوکھر ، ڈاکٹرشاہد صدیق ، غلام محی الدین دیوان دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر 22 کروڑ پاکستانی اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، کشمیر اور فلسطین زندہ انسانوں کی جیل ہیں، پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب ایجوکیشن ونگ کے صدر ڈاکٹر عاطف الدین کی قیادت میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے پارٹی دفتر جیل روڈ میں تقریب ہوئی جس میں کشمیری عوام کی آزادی اور شہداء کے لئے دعا بھی کی گئی، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ الحاق پاکستان تک کشمیر کی جنگ آزادی جاری رہیگی ۔یوم استحصال کشمیر پر سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثمینہ پگانوالہ،نائب صدرپیپلز پارٹی وسطی پنجاب چودھری اختر ،نائب صدر وسطی پنجاب چودھری اشرف نے کہا کہ آرٹیکل 370ختم کرنے کے باوجود ہندوستان کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکا۔امیر تحریک لبیک حافظ سعد حسین رضوی نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ صدی کے سب سے بڑے انسانی بحران اور المیے میں تبدیل ہو چکا ہے جو عالمی برادری کی بے حسی کو بھی بیان کرتا ہے۔جماعت اہل حدیث کے امیر مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی نے خطبہ جمعہ میں کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم پر دنیا کی خاموشی بہت بڑا ظلم ہے۔نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ مودی فاشزم نے تمام عالمی قوانین اور جموں و کشمیر پر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی کی اور عالمی ادارے لاقانونیت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں،امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کی بقاءاور سلامتی کی جنگ لڑرہی ہے۔۔ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئے سر اپا حتجاج ہے۔تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پرکہا ہے کہ 5اگست کشمیر کی تاریخ کا ایک اور سیاہ دن ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نے بھارت کی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو تین سال مکمل ہونے اور کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کر ادی ۔