لاہور (جنرل رپورٹر ) مری اور گرد و نواح میں متوقع برفباری کے پیشِ نظرچیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہا جائے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مری میں برفباری کے دوران انتظامات، ٹریفک کی صورتحال اور سیاحوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ برفباری کے دوران ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے اور ہیوی مشینری کو مسلسل فعال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے بروقت اور درست معلومات کی فراہمی نہایت اہم ہے، تاکہ غیر ضروری رش اور ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔