• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کیلئے سعودی ویژن سے ​​فائدہ اٹھانے کے مواقع

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

سعودی عرب میگا انویسٹمنٹ پلان اور ویژن 2030ء پروگرام کے تحت اپنی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نئے شہر بنا رہا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق سعوی عرب کے اس ویژن 2030ء سے پاکستان کی آئی ٹی کمپنیاں بھرپور فائدہ اُٹھا سکتی ہیں۔

اس حوالے سے نیشنل ڈیٹا کنسلٹنٹ (NdcTech) کی چیف ایگزیکٹیو عمارہ مسعود کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں بینکنگ اور مالیاتی شعبہ تیز رفتاری سے ترقی کر رہا ہے جس میں متعدد لوگ اپنی مصنوعات متعارف کر رہے ہیں جن میں روایتی اور ڈیجیٹل بینک، فِنٹیک کمپنیاں اور پیمنٹ سروسز فراہم کرنے والے شامل ہیں۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیٹا کنسلٹنٹ جسے رواں سال کے آغاز  میں آئی ٹی جائنٹ سسٹمز لمیٹڈ نے حاصل کیا تھا، اب خلیجی مارکیٹ میں بھی توسیع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، کیونکہ وہاں اس کی بہت زیادہ مانگ کا امکان ہے۔

عمارہ مسعود نے بتایا ہے کہ ہم بینکنگ کے شعبے میں متحدہ عرب امارات اور جی سی سی کے مختلف ممالک میں بھی اپنے آپریشنز کو بڑھا رہے ہیں، وہاں کی مارکیٹوں میں مقابلہ زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آنے والے سالوں میں اپنی سروسز کی ایکسپورٹس کو بڑھانے کے لیے پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں ابھرتے ہوئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش مند ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عالمی وباء کورونا وائرس کے بعد پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2022-2021ء میں ملک کی آئی ٹی اور آئی ٹی سے چلنے والی ایکسپورٹس 2.6 بلین ڈالرز کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

ویژن 2030ء ایک ایسا اسٹریٹجک فریم ورک ہے جس کے ذریعے یہ کوشش کی گئی ہے کہ سعودی عرب کی معیشت کا انحصار صرف تیل پر نہ رہے اور ملک کو جدید ترین ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے ساتھ عالمی سرمایہ کاری کے پاور ہاؤس کے طور پر متعارف کروایا جاسکے۔

ایک اندازے کے مطابق سعودی عرب نے ان نئے شہروں کی ترقی سمیت اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے 500 بلین ڈالرز جمع کیے ہیں۔

نیشنل ڈیٹا کنسلٹنٹ کا ادارہ سعودی عرب کے مالیاتی شعبے میں برسوں سے فی الحال 12 بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ 

گزشتہ سال اکتوبر میں اس کمپنی نے بینکوں کے لیے انٹرپرائز سافٹ ویئر میں مہارت رکھنے والی جنیوا کی کمپنی ٹیمینوس کے شراکت دار کے طور پر سعودی ٹورازم ڈیولپمنٹ فنڈ کے لیے ڈیجیٹل لینڈنگ سروس کا آغاز کیا تھا۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید