• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ظلم و جبر کیخلاف حق کا علم بلند کرنا امام حسینؓ کا پیغام ہے، صدر، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور کہا ہے کہ ظلم و جبر کیخلاف حق کا علم بلند کرنا امام حسین ؓ کا پیغام ہے، امت کو حق و صداقت کیلئے ڈٹ جانا چاہیے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے صبر، ہمت کا مظاہرہ کرنا ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرفنے کہا کہ واقعہ کربلا حق اور سچ بات کہنے کا حوصلہ پیدا کرنے کا سبق دیتا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشورہ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن حضرت امام حسین ؓ نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے دین کی سربلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہلِ بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش فرمایا۔نواسۂ رسول ؐ نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا۔آج کے دن حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیت اور انکے وفا شعار ساتھیوں نے شجاعت، بہادری اور قربانی کی عظیم الشّان مثال قائم کی اور اپنے خون سے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی۔حضرت امام حسین ؓ کی عظیم قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور اس میں ہمارے لیے پیغام ہے کہ ظلم و جبر پر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہئے،امّتِ مسلمہ کو حق و صداقت اور دین کی بقا اور فروغ کیلئے ڈٹ جانا چاہیے۔وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ یوم عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے جب سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں جذبۂ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیااور حق کی سربلندی کیلئے اپنے سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی،اور یوں اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تا قیامت عزم و ہمت اور بہادری کا استعارہ بن گئی۔ ظلم و جبر کیخلاف حق کا عَلَم بلند کرنا امام حسینؓ کا پیغام ہےقوم کے نام پیغام میں وزیر اعظم نےکہا کہ اس وقت ہمارا ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓکی عظیم قربانیوں سے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی ملتی ہے اور اگر نواسہ رسولﷺ کی جدوجہد کے ان پہلوؤں کو ملحوظ خاطر رکھ کر اپنے راستے کا تعین کیا جائے تو معاشرے کو درپیش مسائل پر آسانی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔سانحہ کربلا کی عظیم قربانیاں ہمیں یہ سبق بھی سکھاتی ہیں کہ انسان حق اور سچ بات کہنے کا اپنے اندر حوصلہ پیدا کرے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے یوم عاشورہ پر قوم کے نام پیغامات ميں کہا ہے کہ واقعہ کربلا الله تعالیٰ پر ایمان، بے مثال تقویٰ، بہادری، اللہ کی راہ میں صبر اور قرآن مجید ميں بيان شہادت کے جذبے کا ايک بہترين نمونہ ہے جسے قيامت تک یاد رکھا جائے گا ۔

ملک بھر سے سے مزید