وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ جب تک اس ملک کی قیادت ایماندار سیاستدانوں کے پاس نہیں آئے گی ، غریب عوام کو کسی طور انصاف نہیں مل سکتا۔
نوشہرہ رسالپور میں جلسے سے خطاب میں پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ اس ملک پر جو حکمران ٹولہ مسلط ہوا، انہوں نے اپنی تجوریاں بھرنے اور سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہورہا ہے۔
ان کا کہناتھاکہ خیبرپختونخوا کی حکومت آنے والے بجٹ میں غریب عوام کے لیے خوشخبری لارہی ہے، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوگا اور صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے کیلئے صنعتی اور زرعی انقلاب برپا کرنے کے اہم منصوبوں کااعلان کیا جائےگا ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت غریبوں کو انصاف دلانے کے لیے نظام کی تبدیلی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔