• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کیخلاف PTI کی درخواست پر لارجر بینچ کی تشکیل

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اس درخواست پر سماعت کے لیے لارجر بینچ بنا دیتے ہیں، یہ لارجر بینچ کیس کی پرسوں سماعت کرے گا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے وکلاء بیرسٹر انور منصور اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

بیرسٹر انور منصور نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ہم نے چیلنج کی ہے، حنیف عباسی کیس میں سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے، اکاؤنٹس مختلف وجوہات کی بناء پر ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا، پیسہ یہاں سے صوبوں کے اکاؤنٹس میں گیا ہے، جسے ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔

قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے ولی خان کیس کے بعد یہ پہلا کیس ہے، اُس کیس میں ریفرنس بھجوا دیا گیا تھا، اس کیس میں ریفرنس نہیں بھجوایا گیا؟

وکیل انور منصور نے استدعا کی کہ شوکاز نوٹس کی حد تک کوئی ایکشن نہ لیا جائے۔

قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ معاملہ بھی لارجر بینچ ہی دیکھے گا۔

عدالت نے کیس لارجر بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید