• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے زیر اہتمام جشن آزادی میلہ


پاکستان سمیت دنیا بھر میں جہاں پاکستان کا 75 واں جشن آزادی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا وہیں امریکہ میں سب سے بڑا جشن آزادی میلہ پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کی جانب سے ڈیلس میں منعقد کیا گیا جس میں 5 ہزار سے زائد پاکستانی امریکی فیملیز نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان کے معروف گلوکار علی حیدر اور نعیم عباس روفی نے بہترین پرفارمنس دے کر میلہ لوٹ لیا۔

رات گئے تک جای رہنے والے اس قائد میلے کے شرکا نے انتہائی منظم اور شاندار ایونٹ کے انعقاد پر پی ایس این ٹی کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

قائد میلے میں جہاں موسیقی کا پروگرام شرکا کی توجہ کا مرکز رہا وہیں میلے میں دیدہ زیب پاکستانی ملبوسات اور کھانے پینے کے رویتی اسٹالز بھی لوگوں کی بھر پور توجہ کا مرکز بنے رہے۔

‎اس موقع پر صدر پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس عابد ملک نے کہا کہ ڈیلس فورٹ ورتھ میں آباد پاکستانی کمیونٹی کا پی ایس این ٹی پر اعتماد ان کی پوری ٹیم کے لئے ایک بڑا سرمایہ ہے، پی ایس این ٹی پاکستانی کمیونٹی کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن سے محبت کا غیر معمولی اظہار جو آج یہاں قائد میلے میں دیکھنے کو ملا وہ اس سے پہلے کہیں دیکھنے میں نہیں آیا۔ پی ایس این ٹی کے نائب صدر سلمان تابانی نے قائد میلے کے تمام اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر اتنا بڑے ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے تمام رضاکاروں کا ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

‎تقریب کی میزبانی کے فرائض پی ایس این ٹی کے خزانچی عابد بیگ اور ڈیلس کی معروف آر جے شازیہ خان نے انجام دیے۔ ‎چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹی ڈاکٹر ریاض حیدر کا کہنا تھا کہ ڈیلس فورٹ ورتھ ‎میوزیکل شو کے دوران علی حیدر نے اپنے معروف گانے سنائے جبکہ نعیم عباس روفی نے اپنے روایتی فن سے سماں باندھ دیا۔

تقریب کے شرکا پاکستانی گانوں اور قومی ترانوں پر جھومتے دکھائے دیے۔ بیشتر خواتین اور بچوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور قومی پرچم سے مطابقت رکھنے والے سبز لباس زیب تن کر رکھے تھے۔

‎ شرکا کا کہنا تھا کہ اتنا شاندار آزادی میلہ پہلے کبھی یہاں دیکھنے میں نہیں آیا۔ آج وہ تمام پاکستانیوں کو ایک سبز ہلالی پرچم تلے بلا تفریق اکٹھا دیکھ کر بہت خوش ہیں۔ شرکا نے یہ بھی کہا کہ ایک ہی چھت تلے تفریح کا پورا انتظام دیکھنے میں آیا۔ اتنے منظم پروگرام کے انعقاد پر پی ایس این ٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔

گلوکار علی حیدر کا کہنا تھا کہ وہ اکثر شوز کرنے ڈیلس آیا کرتے ہیں لیکن آج کا شو بہت مختلف تھا۔ عوام کی وطن سے محبت دیدنی تھی۔ پی ایس این ٹی ہمیشہ ہی بہترین پروگرام منعقد کرتی ہے لیکن آج کا پروگرام اب تک کے تمام شوز میں بہترین تھا۔

قومی خبریں سے مزید