اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد پاک فوج کیخلاف مہم پاکستان تحریک انصاف اور بھارت کا مشترکہ پروجیکٹ تھا، قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، پاکستان 529، بھارت 18 اور دوسرے ممالک سے 33 اکائونٹ مختلف ناموں سے چلاتے رہے،ڈیٹاتصدیق شدہ ،مزید انکشافات کرینگے،دفاعی اداروں کا وجود پاکستان کیبقا ،سالمیت سے جڑا ، بیانات میں بیدردی کا مظاہرہ کیاگیا،قوم شہدا کے لواحقین سے شرمسار ہے،، بھارت کے چینلز برملا کہتے ہیں اس وقت عمران خان جو کام ہمارے لیے کررہا ہے، اگر ہم اربوں، کھربوں ڈالر بھی خرچ کرتے تو شاید ہم پاکستان کے اندر اس قسم کا نیٹ ورک نہ پیدا کرسکتے جو بھارت کے مفادات کے تحفظ یا اس کو آگے بڑھانے میں پی ٹی آئی اور اس کا سربراہ عمران خان کررہا ہے،پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیردفاع نےکہاکہ تمام تر ڈیٹا تصدیق شدہ ہے، آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں مزید انکشافات بھی کریں گے،مہم چلانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرینگے،دفاعی اداروں کا وجود پاکستان کی بقا اور سالمیت سے جڑا ہے،بیرونی سازش کا کہا اور پھر امریکا سے کیری ڈبے پکڑ لیے۔ انہوںنے کہا کہ جب سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 8سال کی تاخیر کے بعد آیا ہے اور عمران خان پر جس قسم کے جرم ثابت ہوئے ہیں کہ خیرات کے پیسے کس طرح انہوں نے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیے اور شوکت خانم کینسر ہسپتال کی ملک یا ملک سے باہر عزت ہے، اس کا نام استعمال کرکے انہوں نے فنڈز اکھٹے کیے، اس کے نتائج سے بچنے کیلئے توجہ ہٹانے کیلئے پچھلے چند دنوں یا ہفتوں مختلف قسم کی رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے ان کی جماعت اور رہنماؤں نے ایسی سنگ دلانہ حرکتیں کی ہیں کہ پاکستان کی 75سالہ تاریخ میں بہت سی ایسی باتیں ہوں گی جو قابل اعتراض ہوں گی اور جن پر سیاسی لوگوں یا دوسرے اداروں کو اعتراض ہوگا لیکن اس قسم کی بغیر حد والی گفتگو سوشل میڈیا پر یا سیاسی گفتگو جس میں شائستگی کا بالکل فقدان تھا پہلے کبھی نہیں کی گئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر کا ایک سانحہ ہوا، اس پر ساری قوم نے افسوس اور غم کیا، اتنے سینئر افسران نے بھی اس حادثے میں شہادت پائی، جب پوری قوم غم زدہ تھی تو پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نا صرف خود بلکہ ان کی اعانت بھارت کے اکاؤنٹ سے بھی کی گئی۔