اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم آرمی چیف رابطہ،سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوششیں تیزکرنے پر اتفاق،شہباز شریف کاکہناتھاکہ سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز فراہم، متاثرین کونقدرقوم کی فوری ادائیگی کی جائے ،جنرل باجوہ نے سندھ میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے پاک فوج کے جذبے کی تعریف کی۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ اورچیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اخترنوازسے ٹیلی فون پر گفتگو کی، وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک میں سیلاب متاثرین خاص طور پر سندھ میں امداد اور بحالی کی کارروائیوں سے متعلق گفتگو کی ،آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے سندھ میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق آگاہ کیا ، وزیراعظم نے سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کی ہدایت کی اورکہاکہ ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے سندھ اور بلوچستان میں زمینی رابطہ کٹنے کی وجہ سے ریسکیو اورر یلیف کی فراہمی میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے میں مدد ملے گی ، وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کیلئے پاک فوج کے تعاون اور جذبے کو سراہا ،آرمی چیف نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کو بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں ، وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کو نقد رقوم کی فوری ادائیگی کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ کو ہدایت جاری کردی ۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو سندھ میں بارشوں اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اوربحالی کی کوششوں کو مزید تیز کیاجائے۔