کراچی (نیوز ڈیسک) فن لینڈ کی وزیراعظم سنا مرین کی ایک پارٹی میں شرکت کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا وزیراعظم کو پارٹی منانے کا حق ہے یا نہیں۔سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے مختلف آراء سامنے آرہی ہیں ۔ کچھ ناقدین کی رائے ہے کہ اس طرح کی پارٹیوں سے فن لینڈ کی ساکھ اور عوام کے سیاست دانوں پر اعتماد کو نقصان پہنچاجبکہ ان کی حمایت میں چند افراد کا کہنا ہے کہ یہ عام بات ہے، ان کو بھی حق ہے کہ وہ زندگی کا لطف اٹھائیں۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل ڈیموکریٹ سے تعلق رکھنے والی 36 سالہ سنا مرین کو اس وقت مختلف قسم کے تلخ قسم کے سوالوں کا سامنا ہے جن میں منشیات کے زیراثر ہونے کا سوال بھی شامل ہے۔جبکہ یہ بھی پوچھا جا رہا ہے کہ کیا وہ چھٹی پر تھیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس حالت میں کوئی ہنگامی صورت حال کو سنبھالنے کی پوزیشن میں تھیں؟ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنا نئی بات نہیں ہے تاہم وزیراعظم سنا مرین کی ویڈیو شیئر ہوتے ہی صارفین اس کی طرف خصوصی طور پر متوجہ ہوئے اور یہ بحث چل نکلی کہ یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی کہ ہمسایہ ملک یوکرین میں جنگ ہے اور فن لینڈ اور سویڈن نے نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواست دی ہے۔ویڈیو پارٹی میں شریک کسی شخص کی جانب سے بنائی گئی تھی اور سوشل میڈیا پر آتے ہی سب کی توجہ کا باعث بن گئی۔سنا مرین کی ویڈیو اور خیالات کے بارے میں سوشل میڈیا پر آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔جوسوا فیگرہوم جو کہ مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں نے لکھا کہ ’اس سے فن لینڈ کی ساکھ اور عوام کے سیاست دانوں پر اعتماد کو نقصان پہنچا۔‘ہیلسنکی سے تعلق رکھنے والے طالب علم منٹو کائلینین نے اس سے اختلاف کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ عام بات ہے، ان کو بھی حق ہے کہ وہ زندگی کا لطف اٹھائیں۔‘سنا مرین کے کچھ حامیوں نے تنقید کو جنسی امتیاز کی نظر سے دیکھتے ہوئے تبصرہ کیا۔سیاست دان جارنہ لیمنیل نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پارٹی سکیورٹی کے نکتہ نظر سے درست نہیں کیونکہ نیٹو کے لیے منظوری دینے والے حکام ایک ایک چیز کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں۔‘یہ پہلی بار نہیں ہے کہ سنا مرین اس حوالے سے خبروں میں آئی ہیں، دسمبر میں بھی انہوں نے کلب جانے پر معذرت کی تھی اور کورونا کی وجہ سے لوگوں سے نہ ملنے کا پیغام انہوں نے دیکھا ہی نہیں تھا کیونکہ وہ موبائل گھر پر چھوڑ گئی تھیں۔فن لینڈ کی کابینہ میں شامل خواتین ارکان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دے رہی ہیں اور فری وقت میں وہ جو کچھ کرتی ہیں، اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔ویڈیو کے حوالے سے وزیراعظم سنا مرین کہتی ہیں کہ انہوں نے پچھلے ہفتے پارٹی میں شرکت کی تھی، تاہم یہ بتانے سے انکار کیا کہ وہ کب اور کہاں منعقد ہوئی تھی۔انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ انہوں نے دوستوں کے ساتھ پارٹی منائی، جہاں الکحل بھی تھی، مگر منشیات نہیں تھیں۔انہوں نے افواہوں کے خاتمہ کے لیے جمعے کو منشیات کے استعمال کا ٹیسٹ بھی کروایا تھا۔