اسلام آباد (نمائندہ جنگ)قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 24 اگست تک قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کرینگے، اپریل میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعدشہبازشریف کا قطر کایہ پہلا دورہ ہوگا، دورہ میں وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ہوگا،دوحہ میں وزیراعظم قطری اور پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کرینگے، وزیراعظم دوحہ میں سٹیڈیم974 کا بھی دورہ کرینگے جہاں انہیں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی وسیع تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی جائیگی۔