• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندیم خان

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے ماضی میں کھیلوں کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی بلکہ کھیل کے میدان آباد رہے۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کا یہ سلسلہ تین دہائی قبل شروع ہوا اور مقامی سطح کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے ایونٹ منعقد کئے گئے جن میں انڈور اور آئوٹ ڈور گیمز شامل ہیں۔ ان کھیلوں میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال ، مارشل آرٹس، رولر اسکیٹنگ، بیڈ منٹن اور سوئمنگ شامل ہیں۔

نوے کی دہائی میں آل پاکستان نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ ہر سال کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس پر منعقد ہوتا رہا جس سے عقیل خان، جلیل احمد، نومی قمر، ندا وسیم اور مہوش چشتی جیسے ابھرے ہوئے ،کے ایم سی کرکٹ کوچنگ کیمپ سے حسن علی اور شاداب کبیر جیسے نوجوان کرکٹرز کو منصور الہی، ثقلین مشتاق اور سپیڈ مرچنٹ وقار یونس جیسے مایہ ناز کرکٹرز سے سیکھنے کا موقع ملا۔

اسی طرح آل پاکستان کراٹے چیمپئن شپ ،انٹر یونیورسٹیز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ، 28 کھیلوں پر مشتمل سٹی گیمز ، سٹی ناظم گولڈ کپ کرکٹ ہاکی فٹبال ٹورنامنٹس منعقد کئے گئے۔ فٹبال چیمپئن شپ کی پیپلز اسپورٹس کمپلیکس میں میزبانی، ویمن ایشیاء کپ اور جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کو استقبالیہ کے علاوہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں گرین ہل باکسنگ اور نیشنل گیمز بھی منعقد ہوئے۔ 

ہر سال رمضان اسپورٹس فیسٹول اور جشن آزادی اسپورٹس فیسٹول کے علاوہ بے شمار اسپورٹس فیسٹول ، اسپورٹس گالااور کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوتے رہے ہیں۔ کے ایم سی اور پاکستان رینجرز سندھ نے مشترکہ طور پر ایک میگا اسپورٹس ایونٹ مائی کراچی گیمز ترتیب دیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، مرتضی وہاب اورڈی جی پاکستان رینجرز سندھ نے مائی کراچی گیمز کے انعقاد کی باقاعدہ منظوری دی ہے جس میں ریکارڈ 42 مختلف انڈور اور آئوٹ ڈور گیمز منعقد کئے جائیں گے۔

ان میں کرکٹ ، ہاکی، فٹبال، باسکٹ بال، شوٹنگ بال، والی بال، سوفٹ بال، نیٹ بال، ڈاج بال، کراٹے ، تائکوانڈو، جوڈو، وشو، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، اسنوکر، باکسنگ، اسکواش، شطرنج ، کبڈی ، کشی رانی، کیرم، باڈی بلڈنگ، سوئمنگ، رولر اسکیٹنگ ، سیپک ٹاکرا، فٹسال، رسہ کشی ، جمناسٹک،ریسلنگ ، تیر اندازی، اسکریبل ، ٹینس، سائکل ریس، ڈنکی کارٹ ریس، آرم ریسلنگ، ماس ریسلنگ ،ویٹ لفٹنگ، میراتھن ریس، فیلڈ اینڈ ٹریک، ملاکھڑا، کبڈی اور کھوکھو شامل ہیں۔

ان مقابلوں میں تقریبا 7000سے زائدمرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ماہ اگست میں افتتاحی تقریب کے بعد کھلاڑی زیادہ ترکھیلوں میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس، کشمیر روڈ اور ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں فراہم کرد ہ سہولیات سے استفادہ کریں گے۔ جبکہ دیگر آئوٹ ڈور مقابلوں میں کرکٹ کے مقابلے ناظم آباد جیمخانہ، ایسٹرن اسٹارگرائونڈ، ٹی ایم سی گرائونڈ، گلبرگ جیمخانہ، شاداب گرائونڈ اورنگی، لانڈھی جیمخانہ ، کے پی گرائونڈاور ہاکی کے مقابلے کے ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم اور اصلاح الدین ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہونگے۔ 

فٹبال ٹورنامنٹ کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم، ٹرانس لیاری فٹبال گراؤنڈ، سیکسٹین اسٹار فٹبال گرائونڈ، ابراہیم حیدری فٹبال گراؤنڈ میں ، باسکٹ بال آرام باغ کورٹ میں ، باکسنگ پیپلز اسپورٹس کمپلیکس میں جبکہ اسنوکر، کشتی رانی ، سائیکل ریس، ڈنکی کارٹ ریس مقررہ مقامات پر منعقد ہونگے۔مذکورہ گیمز انٹر ڈسٹرکٹ بنیاد پر منعقد ہونگے اور کراچی شہر میں کھیلوں کا یہ میلہ 22روز تک جاری رہے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی مرتضی وہاب کی زیر نگرانی ڈائمنڈ جوبلی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جس کے تحت جشن آزادی کو شایان شان طور پر منانے کے لئے پاکستان رینجرز سندھ کے اشتراک سے نہ صرف مائی کراچی گیمز کا انعقاد کیا جائے گا بلکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کے اشتراک سے شہر بھر میں مختلف علمی و ادبی، ثقافتی میلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ صدر آرٹس کونسل آف پاکستان محمد احمد شاہ نے مذکورہ ثقافتی سرگرمیوں کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔کے ایم سی کے سینیئر ڈائریکٹر میڈیا منیجمنٹ علی حسن ساجدکو ان پروگرامز کے کامیاب انعقاد کے لئے کنوینیئر نامزد کیا گیا ہے ۔

پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے یادگار موقع پر مائی کراچی گیمز کے انعقاد سے نہ صرف کھلاڑیوں کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا بلکہ کھیل کے میدان آباد ہونگے۔ کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ شہر میں قومی جذبے کے تحت بھائی چارگی ، یگانگت و اخوت کی فضاء قائم ہوگی۔

بعد ازاں کراچی کے مختلف یونیورسٹیز کے مابین انٹر یونیورسٹی مقابلوں کا انعقاد ہوگا جس میں کرکٹ، ہاکی ، فٹبال، ٹینس، بیڈمنٹن اور باسکٹ بال کے مقابلے منعقد ہونگے۔ اس سلسلے میں اقراء یونیورسٹی، دائود یونیورسٹی، محمد علی جناح یونیورسٹی ، کراچی یونیورسٹی ، سرسید یونیورسٹی، شہید ذولفقار علی بھٹو یونیورسٹی، kasbat یونیورسٹی ، صفہ یونیورسٹی، ہمدرد یونیورسٹی ، جناح یونیورسٹی اور شہر کی دیگر یونیورسٹیز کی ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا۔

اسپیشل چلڈرنز کے لئے بھی اسپورٹس گالا ترتیب دیا گیا ہے جس میں کراچی کے اسپیشل چلڈرنز کے اداروں اور تنظیموں کو شرکت کیلئے دعوت دی جائے گی۔ بین الالمدارس کرکٹ اور فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی ڈائمنڈ جوبلی پروگرام کا حصہ ہیں۔ غرض کہ کے ایم سی، پاکستان رینجرز سندھ اور آرٹس کونسل کے اشراک سے پاکستان ڈائمنڈ جوبلی تقریبات قومی جذبے سے شایان شان طور پر منایا جائے گا۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید