کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے گھر جانے والوں کو لوٹنے کے شرمناک حج اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو بارہ سال سزا سنائے جانے کے بعد نئی تاریخ رقم ہوگئی ہے، پیپلز پارٹی کا اپنے وزیر حامد سعید کاظمی کو بغیر ثبوت کے نشانہ بنائے جانے کا موقف بھی غلط نکلا،پیپلز پارٹی ہمیشہ کہتی ہے کہ ان پر کرپشن کے الزامات لگائے جاتے ہیں لیکن عدالتوں سے حتمی فیصلے نہیں آتے، حامد سعید کاظمی کے کیس میں بھی پیپلز پارٹی شور مچاتی رہی کہ ہمارے وزیر کے خلاف عدلیہ میڈیا ٹرائل کرتی رہی لیکن اس کے خلاف کچھ ثابت نہیں ہوا، آج یہ بات غلط ثابت ہوئی اور حامد سعید کاظمی کو سزا ہوگئی ہے۔ اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ حکومت ترکش ماڈل کو فالو کرنا چاہتی تھی، ترکی کی بھی سترہ سال پہلے ٹیکس وصولی صرف دس فیصد تھی، ہم نے اس ماڈل کو رضاکارانہ اسکیم تک استعمال کیا ہے، ہم نے اپنے پاس موجود ڈیٹا کی بنیاد پر کام شروع کردیا ہے، ہم ٹریک کررہے ہیں کہ کون ٹریول کررہاہے ، کون پراپرٹیز خریدتا ہے، کون لاکھوں میں یوٹیلٹی بلز دیتا ہے لیکن ٹیکس پانچ ہزار بھی نہیں دے رہا ہے، ہم اب ایسے لوگوں کو نوٹس بھیجیں گے، ہم نے ڈنڈے کا استعمال بھی شروع کردیا ہے جس کا استعمال آہستہ آہستہ بڑھے گا، حکومت نے تمام تر دباؤ کے باوجود ودہولڈنگ ٹیکس ختم نہیں کیا شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ اس اسکینڈل سے پہلے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ حج اور عمرہ جیسے مقدس فریضے ادا کرنے کیلئے جانے والوں سے بھی کرپشن کی جاسکتی ہے، اور ایسی کرپشن کی جاسکتی ہے کہ حاجیوں اور عمرہ کرنے والوں کے پاس کھانے پینے کو کچھ نہ ہو ، وہ کھلے آسمان کے نیچے تپتی دھوپ میں بے آسرا پڑے ہوں مگر انہیں کوئی پوچھنے والا نہ ہو ، ان کے دیئے گئے پیسوں سے حکومت نے جو سہولتیں فراہم کرنا تھی اس میں اس حد تک کرپشن کی گئی اللہ کے گھر کے سامنے ساری دنیا کے حاجی انہیں دیکھ کر مذاق اڑاتے تھے۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ حاجیوں کو لوٹنے کا یہ اسکینڈل اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب سعودی شہزادے بندر بن خالد نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر مکہ میں پاکستانی حاجیوں کی حالت زار بیان کی، اس خط کے ملنے کے بعد سپریم کورٹ نے نومبر 2010ء میں حج کرپشن کیس کا ازخود نوٹس لیا اور حکومت سے جواب طلب کیا، یہ اسکینڈل دنیا میں بے انتہا جگ ہنسائی کا سبب بنا۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ کراچی کے ووٹرز کی دلچسپی کم ہوگئی یا ان کا سیاسی جھکاؤ تبدیل ہوگیا ہے، چار حالیہ ضمنی انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ حیران کن طور پر کم ہے، مصطفٰی کمال کہتے ہیں جو ووٹ نہیں دے رہے وہ اب ہمارے ووٹرز ہیں۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پہلی بار اپنا چوتھا وفاقی بجٹ پیش کردیا،اسٹاک مارکیٹ پرامید ہیں، اسحاق ڈار بھی اس امید کا اظہار کررہے ہیں، کیا پاکستان کو واقعی پھر سے ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس ملنے والا ہے، ایمرجنگ مارکیٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ انٹرنیشنل ریڈار پر آجائے گی ، اس کیلئے جے ایس گلوبل نے قدم اٹھایا اور حکومت پاکستان کو پارٹنر بنایا، جے ایس گلوبل نے لندن میں پاکستان انویسٹمنٹ کانفرنس کی جس میں پاکستان کی طرف سے 14کمپنیوں نے پریز نٹیشنز دیں اور بتایا کہ پاکستان کیسے سرمایہ کاری کیلئے اچھا مقام ہے۔