کراچی (نیوز ڈیسک) فرانسیسی نژاد بھارتی ٹیکسٹائل ڈیزائنر بریجیٹ سنگھ نے اس دور جدید میں قدیم مغلیہ طرز کے ڈیزائن متعارف کرادیئے، ایک کپڑے پر انہوں نے ایک سرخ پودے کا عکس چسپاں کیا ہے، مغلیہ دور میں یہ ڈیزائن بادشاہ شاہ جہاں کے لیے بنایا گیا تھا ، شاہ جہاں ہی نے 400 سال قبل اپنی چہیتی ملکہ ممتاز محل اور اپنی آخری آرام گاہ کے لیے دنیا کا ساتواں عجوبہ تاج محل تعمیر کرایا تھا۔ بریجیٹ سنگھ 42 سال قبل فرانس سے نکل مکانی کر کے بھارت منتقل ہو گئی تھیں اور یہیں ایک بھارتی باشندے سے شادی کر لی۔ ان کے شوہر بھارت کے ایک سابق شاہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ۔ 67 سالہ بریجیٹ سنگھ بلاک پرنٹنگ کے فن کو زندہ رکھنے کی خواہشمند ہیں ۔ چھاپے کا یہ فن 16ویں اور 17ویں صدی عیسویں میں خاصہ مقبول تھا۔ سندھ میں اجرک پر چھاپے کا فن آج بھی مقبول ہے ۔ بریجیٹ راجستھان میں مقیم ہیں جہاں ان کا ورکشاپ ہے ۔ 1980ء میں 25 سال کی عمر میں وہ جے پور آ کر آباد ہوئیں ۔ جہاں بلاک پرنٹنگ کو مقبولیت حاصل تھی ۔